محمد تسکین
بانہال// وادی چناب کے بیشتر علاقوں میں اتوار کے روز بھی موسم ابرآلود رہا اور بیچ بیچ میں دھوپ بھی نکل آئی ۔ ابرآلود موسم کے ساتھ ساتھ ضلع رام بن کے علاقوں میں دھند اور کئی جنگلاتی علاقوں میں آگ کی وجہ سے فضا دھویں سے بھری پڑی ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور اتوار کی شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دو طرفہ ٹریفک میں سفر کیا ہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معمول کا دو طرفہ ٹریفک جاری ہے تاہم ادہم پور اور رام بن اضلاع میں شاہراہ کے کئی مقامات خراب اور یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہیں جس کی وجہ سے ان مقامات پر ٹریفک کی روانی سست ہو جاتی ہے۔