عظمیٰ نیوز سروس
جموں//موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ نے آٹو/ای-رکشہ ڈرائیوروں کو انتباہ دیا ہے کہ اگر وہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرتے ہیں اور نوٹیفائیڈ کرایہ اور فنکشنل فیر میٹر کے مطابق چلنے سے انکار کرتے ہیں تو ان پر تعزیری کارروائی کی جائے گی۔مہم کے دوران، انفورسمنٹ ونگ نے ڈرائیوروں کو مطلع کیا کہ محکمہ غلط آٹو ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اگر زمین پر ایسی کوئی خلاف ورزی پائی جاتی ہے، جو ان کی گاڑیوں کے آر سی کی منسوخی یا ان کے ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔جاری شری امرناتھ جی یاترا کے دوران اوور چارجنگ کی شکایات موصول ہونے کے بعد محکمہ نے اعلیٰ حکام کی خصوصی ہدایات پر باقاعدہ اس طرح کی مہم چلائی ہے۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں، پنکج بھگوترا نے کہا کہ ’’ہم آٹو/ای-رکشہ کے چلانے کو ریگولیٹ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ محکمہ ان ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرئے گا جو کرایہ میٹر سے چلنے سے انکار کرتے ہیں اور ساتھ ہی مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے یا چلانے سے انکار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سڑکوں پر نظم و ضبط لانے کے لئے پرعزم ہے لہذا آٹو/ای-رکشہ ڈرائیوروں کو بھی ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے انفورسمنٹ ونگ کے اہلکار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آٹو/ای-رکشہ اپنی گاڑیاں محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے خاص کر کرایہ کے حوالے سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق چلائیں۔انفورسمنٹ مہم آر ٹی او جموں پنکج بھگوترا کی براہ راست نگرانی میں مختلف مقامات یعنی بھاگوت نگر، توی فورتھ پل، قریب ریلوے اسٹیشن اور زوراور چوک پر چلائی گئی۔ مہم کے دوران 260 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 97 آٹو/ ای-رکشاؤں کو اوور چارجنگ، اوور لوڈنگ اور دستاویزات کی کمی سے متعلق جرائم پر ای چالان کیا گیا۔ ایک ای-رکشہ کو ایک نابالغ ڈرائیور کے ذریعہ چلائے جانے پر ضبط کیا گیا اور اسے انچارج پولیس چوکی بھگوتی نگر، جموں کے حوالے کر دیا گیا۔