سرنکوٹ// سرنکوٹ میں 75 سالہ شخص ایک گاڑی کی ٹکر لگنے سے لقمہ اجل بن گیا جس کے بعد سب ضلع ہسپتال میں ڈاکٹر نہ ملنے پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران سرنکوٹ بفلیاز روڈ لگ بھگ دو گھنٹے تک بند رہی ۔ ٹاٹا موبائل زیر نمبرJK12A-3024نے خادم حسین ولد بدر دین ساکن فضل آباد کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ۔اس شخص کو حادثے کے فوری بعد سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیاگیاجہاں وقت پر نہ ہی ڈاکٹر ملے اور نہ ہی اس کا پوسٹ مارٹم ہوا۔بزرگ شہری کے رشتہ داروں کاکہناہے کہ جب وہ ہسپتال پہنچے تو دو گھنٹے تک کوئی بھی ڈاکٹر ان کے پا س نہیں آیا اور پھر نیم طبی عملہ نے انہیں یہ کہہ کر واپس بھیجنے کی کوشش کی کہ چونکہ مہلوک کے سر میں چوٹ آئی ہے اس لئے اس کا پوسٹ مارٹم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال حکام کی لاپرواہی کی حالت یہ ہے کہ خادم حسین کے سر پر پٹی ایک عام شخص نے کی اور کوئی ملازم موجود نہیں پایاگیا۔ایک خاتون نے بتایاکہ انہیں ایک ملازم نے کہاکہ نعش کو گھر لیجائواوران کو انصاف دلایاجائے گا۔اس دوران نعش کو گھر واپس لیاگیاتاہم راستے میں خادم حسین کے دیگر رشتہ دار مل گئے جنہوںنے پوسٹ مارٹم نہ کئے جانے پر نعش واپس سرنکوٹ لائی اور ہسپتال کے باہر اسے سڑک پر رکھ کر احتجاج کیاگیا جس کی وجہ سے دو گھنٹے تک سرنکوٹ بفلیاز سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔مظاہرین نے محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں کچھ ایسے ملازم بھی ہیں جو پندرہ پندرہ سال سے تعینات ہیں اور انہوںنے ہی نظام تباہ کردیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان ملازموں کا تبادلہ کیاجائے اور ایسے ملازم تعینات کئے جائیں جو کام کو ذمہ داری سمجھ کر انجام دیں۔انہوںنے کہاکہ پہلے تو ڈاکٹر ہی نہیں ملے اور پھر بعد میں کہاگیاکہ پوسٹ مارٹم کی کوئی ضرورت نہیں لہٰذا نعش گھر لیجائو ۔ ان کاکہناتھاکہ آج ان کے ساتھ اس طرح کا مذاق کیاگیاہے اور کل کسی اور کے ساتھ ایسا ہی کیاجائے گا۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما، ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک ، ایس ایچ او اجے جموال اور بلاک میڈیکل افسر ذوالفقار حسین موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے لوگوں کو یقین دلایاکہ نعش کا پوسٹ مارٹم کیاجائے گا اور ڈرائیور کے خلاف کیس بھی درج کیاجائے گا۔وعدے کے مطابق بعد میںنعش کا پوسٹ مارٹم کرایاگیا اور پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایف آئی آرزیر نمبر192 زیر دفعات 379 337/ 304A/ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقا ت شروع کردی ہے ۔وہیں ڈرائیور موقعہ سے فرارہوگیا تاہم اس کی تلاش کی جارہی ہے ۔