عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کے شاہدرہ ضلع کے وویک وہار علاقے میں اتوار کی علی الصبح ایک چار منزلہ عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی، جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس واقعے میں نو افراد ہلاک ہو گئے جب کہ درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فائر کنٹرول روم کو صبح تین بج کر 48 منٹ پر آگ لگنے کی کال موصول ہوئی، جس نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی 14 گاڑیاں جائے وقوع پر بھیجی گئی ہیں۔ کافی کوششوں کے بعد صبح چھ بج کر 25 منٹ پر آگ پر قابو پالیا گیا۔فائر فائٹرز اور مقامی پولیس ٹیموں نے مشترکہ طور پر عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ تقریباً ایک درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ملبے سے چار لاشیں نکالی جا چکی ہیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔شاہدرہ کے ڈی سی پی آر پی مینا نے واقعے کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر ایجنسیاں فوراً حرکت میں آگئیں۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔مقامی رہائشیوں کے مطابق آگ تیزی سے پھیلی جس سے لوگوں کو سنبھلنے میں وقت نہیں ملا۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر آس پاس کے علاقے کو خالی کرا لیا ہے اور لوگوں کو جائے وقوع سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔