عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ (EoW) کشمیر نے کروڑوں روپے کے شال فراڈ معاملے میں 4افراد کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔کرائم برانچ کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاکہ ایف آئی آر نمبر 55/2022 کے سلسلے میں سب جج سمال کازز، سرینگر کی عدالت میں تعزیراتِ رانبیر (آرپی سی) کی دفعات420، 120-B اور 201کے تحت 4افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔
ملزمان کی شناخت ارشد احمد شورہ عرف بلال ولد مرحوم عبدالرشید شورہ ساکن پکھری بل بوٹا کدل لالبازارسرینگر؛ فردوس احمد میر ولد عبدالرحمان میر ساکن آبی کارپورہ رعناواری، حال مدینہ کالونی ملہ باغ سرینگر؛ فردوس احمد بٹ ولد محمد افضل بٹ ساکن امدا کدل لالبازارسرینگر اور آفتاب احمد شاہ ولد پرویز احمد شاہ ساکن خوابازار نوہٹہ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ کے مطابق شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مرکزی ملزم ارشد احمد شورہ عرف بلال اور اس کے ساتھیوں نے منافع بخش کاروبار کا جھانسہ دے کر شکایت کنندہ سے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد مالیت کے شال حاصل کئے، تاہم بعد میں ان کی ادائیگی نہیں کی۔ اقتصادی جرائم ونگ (EoW) کشمیر کے مطابق تحقیقات کے دوران تقریبا 68 لاکھ روپے مالیت کے 338 شال برآمد کرکے عدالت کی ہدایت پر شکایت کنندہ کے حوالے کیے گئے۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمے کی چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔کرائم برانچ کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نوعیت کے مالی فراڈ سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایس ایس پی، ای او ڈبلیو کشمیر کو دیں۔