سرینگر// انتظامیہ میںجموں کشمیر انتظامی سروس کے 2 افسراں کے تبادلے عمل میں لائے گئے جبکہ اپنی تقرری کے منتظر4انچارج انڈر سیکریٹریوں کو مختلف محکموں میں تعینات کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جمعرات کو جاری حکم نامہ کے مطابق عمومی انتظامی محکمہ میں اپنی تقرری کے منتظر کشمیر انتظامی سروس افسر مدثر لطیف تاثیر کو محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نظارت محکمہ میں ڈپٹی سیکریٹری کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ ایک اور حکم نامہ کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈپٹی سیکریٹری وکاس دھر باغاتی کو تبدیل کرکے دستیاب جگہ پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ وکاس دھر کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی تھنہ منڈی کا سب رجسٹرار کا عہدہ بھی اضافی طور پر دیا گیا۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیدی کی جانب سے جاری ایک اور علیحدہ آرڈر میں کہا گیا کہ محکمہ عمومی انتظامی میں اپنی تقرری کے منتظر پرائیوٹ سیکریٹری شکیل حسین کو تبدیل کرکے محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نظارت کے انتظامی سیکریٹری کے ساتھ امورات سے منسلک کیا گیا۔ آرڈر کے مطابق جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹیوافسر کے دفتر میں تعینات اسٹینو گرافر سنی ڈوگرہ کو تبدیل کرکے محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نظارت کے انتظامی سیکریٹری کے امورات سے منسلک کیا گیا۔ ایک اور آرڈر کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ میں تعیناتی کے منتظرانچارج انڈر سیکریٹری ست پال کو تبدیل کرکے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں تعینات کیا گیا۔ محکمہ شہری رسددات،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری میں اپنی تعیناتی کے منتظرانچارج انڈر سیکریٹری راجندر کمار کو اسی محکمہ میں تعینات کیا گیا۔ محکمہ صنعت و حرفت میں اپنی تقرری کے منتظرانچارج انڈر سیکریٹری انچارج عابد خان کو محکمہ انڈسٹری اینڈ کامرس میںعہدہ تفویض کیا گیا۔ محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج میں اپنی تقرری کے منتظر انچارج انڈر سیکریٹری محمد رجب ملک کو اسی محکمہ میں تعینات کیا گیا۔ محکمہ تعمیرات عامہ میں اپنی تعیناتی کے منتظر حامد حمید کو محکمہ آر اینڈ بی میں انڈر سیکریٹری کے بطور تعینات کیا گیا۔