عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی ترجمان انعام النبی نے کل اعلان کیا ہے کہ بارہمولہ سے نظر بند رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید 13 جولائی 1931 کے شہداء کی یاد میں 13 جولائی 2026 کو علامتی بھوک ہڑتال کریں گے ۔انعام النبی نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہداء کی قربانی جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایک واضح مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 شہداء نے آمرانہ حکمرانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے انصاف، شہری آزادیوں، نمائندہ حکمرانی اور جمہوری حقوق کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عظیم قربانی خطے کی سیاسی بیداری میں ایک اہم موڑ بن گئی اور آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کو تحریک دی۔انہوں نے کہا کہ انجینئر رشید کی علامتی بھوک ہڑتال کا مقصد لوگوں کو یہ یاد دلانا ہے کہ انتظامی فیصلوں کے ذریعے تاریخ کو مٹایا یا دوبارہ لکھا نہیں جا سکتا۔ تاریخی حقائق کو مسخ کرنے یا جموں و کشمیر کے لوگوں کے جمہوری اور سیاسی حقوق کے لیے اپنی جانیں دینے والوں کی قربانیوں کو کم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔