عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ(یو اے پی اے)کے تحت درج ایک کیس کے سلسلے میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور فارنسک جانچ کے لیے کئی الیکٹرانک آلات ضبط کیے۔پولیس نے کہا کہ تلاشیاں ایف آئی آر نمبر 43/2026 کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئیں، جو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام)ایکٹ کی دفعہ 13 اور بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس)کی دفعہ 351(3) کے تحت درج کی گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ فراز اشرف گوجری ولد محمد اشرف گوجری ساکن اقبال کالونی بارہمولہ، وسیم علی کارولد علی محمد کار ساکن کانلی باغ بارہمولہ؛ تنویر احمد میر عرف کاکا میر ولد عبدالرشید میر ساکن توحید گنج بارہمولہ جو اس وقت گلنار پارک آزاد گنج میں مقیم ہے۔ اور وسیم حسین میر ولد محمد حسین میر ساکن خواجہ باغ جیٹی، بارہمولہ کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران چار موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ ضبط کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ الیکٹرانک آلات کو فرانزک جانچ کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے تاکہ جاری تحقیقات میں مدد مل سکے۔پولیس نے کہا، “تلاشی قانون کی دفعات کے مطابق، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں سختی سے کی گئی۔”بارہمولہ پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی امن عامہ اور قومی سلامتی کی حفاظت کرتے ہوئے پیشہ ورانہ، قانونی اور شفاف طریقے سے غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق جرائم کی تحقیقات کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔