شاہد ٹاک
شوپیان// ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر کی ہلاکت کے بعدسیکورٹی فورسز نے جمعرات کو شوپیان کے مضافاتی دیہات میں ایک مشتبہ لشکر طیبہ ملی ٹینٹ کا سراغ لگانے کے لئے آپریشن جاری رکھا۔ آپریشن مسلسل چھٹے دن میں داخل ہو گیا ہے۔فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے چھانہ پورہ میمندر علاقے میں تلاشی کا عمل تیز کر دیا، جہاں 4 جولائی کو لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس معلومات کے بعد آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان دو بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا – پہلی بار ہفتہ کی شام اور پھر بدھ کی صبح۔پولیس نے بتایا کہ “دوسرے ملی ٹینٹ کا پتہ لگانے کے لیے تلاش جاری ہے، جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ علاقے میں چھپا ہوا ہے۔”بدھ کو سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران لشکر طیبہ کے مقامی کمانڈر ذاکر احمد گنائی کو ہلاک کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ کولگام ضلع کے موتلہامہ گائوں کے رہنے والے گنائی نے ستمبر 2023 میں تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔عہدیداروں نے کہا کہ شوپیان میں آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ علاقے کو مکمل طور پر صاف نہیں کر دیا جاتا اور باقی جنگجوئوں کو یا تو پکڑ لیا جاتا ہے یا انہیں بے اثر کر دیا جاتا ہے۔