جموں// حکومت کے جموں و کشمیر میں سپورٹس انفرااسٹرکچر کو معیاری بنانے کے تمام بلند بانگ دعوے غلط ثابت ہو رہے ہیں کیونکہ کئی سپورٹس کمپلیکسز کا تعمیری کام سالہا سال بیت جانے کے بعد بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ رہا ہے ۔بتا دیں کہ مرکزی وزارت یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے سال 2016 میں سابق ریاست جموں و کشمیر کے سبھی 22اضلاع کو انڈرو سپورٹس اسٹیڈیم دینے کا اعلان کیا تھا۔جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نے سماجی کارکن رمن شرما کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں اعتراف کیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں گیارہ انڈور کمپلیکسز پر کام نا مکمل ہے اور اس کے علاوہ بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں سپورٹس انفراسٹرکچر کی 44کروڑ روپے کی مالیت کی مرمت و تجدید کاری اور اپ گریڈیشن اور ضلع کٹھوعہ کے بسولی علاقے میں واقع رنجیت ساگر ڈیم پر3کروڑ روپے کی مالیت کے واٹر سپورٹس سینٹر بنانے کا کام بھی نامکمل ہے ۔مرکز نے یونین ٹریٹری کے بیس اضلاع میں انڈور سپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے لئے ہر ضلع کے لئے چار چار کروڑ روپے واگذار کئے ہیں۔آر ٹی آئی کے جواب کے مطابق صوبہ جموں کے دس انڈور اسٹیڈیموں میں سے پانچ نامکمل ہیں جبکہ اودھم پور میں قائم سپورٹس سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کو مکمل کیا گیا ہے ۔جموں میں مولانا آزاد اسٹیڈیم کی مرمت، تجدید کاری اور اپ گریڈیشن کے لئے 40 کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے جبکہ اس کو مکمل کرنے پر 43کروڑ 80لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔بھگوت نگر جموں میں انڈور سپورٹس ہال کی تعمیر کے لئے چار کروڑ روپے منظور کئے گئے جبکہ اس کو مکمل کرنے پر تین کروڑ ننانوے لاکھ روپیے کا خرچہ آیا ہے ۔مذکورہ آر ٹی آئی جواب کے مطابق وادی کشمیر میں بخشی اسٹیڈیم سری نگر کی اپ گریڈیشن کے لئے 44 کروڑ روپے واگذار کئے گئے جس میں سے 32 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور کام ابھی جاری ہے ۔ الٰہی باغ سری نگر میں انڈور سپورٹس ہال کی تعمیر کے لئے منظور شدہ چار کروڑ روپے میں سے 80 لاکھ روپے خرچ کئے گئے جس کا کام ابھی جاری ہے ۔نہرو پارک سری نگر میں واٹر سپورٹس سینٹر کے لئے تین کروڑ روپے میں سے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور کام مکمل کیا گیا ہے اور غنی میموریل اسٹیڈیم سری نگر میں روشنی کا انتظام کرنے کے لئے ایک کروڑ 29 لاکھ روپے میں سے ایک کروڑ 23 لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ ٹی آر سی گراؤنڈ سری نگر کی روشنی کے لئے ایک کروڑ 34 لاکھ روپے میں سے برابر ایک کروڑ 34 لاکھ روپے خرچ کر کے کام کو مکمل کیا گیا ہے ۔ضلع بڈگام میں انڈور سپورٹس ہال کی تعمیر کے لئے منظور شدہ چار کروڑ روپے میں سے تین کروڑ روپے خرچ کئے گئے کام ابھی جاری ہے جبکہ ضلع گاندربل کے سہہ پورہ علاقے قائم میں انڈور سپورٹس ہال کی تعمیر کے لئے واگذار شدہ چار کروڑ روپیوں میں سے 3 کروڑ 66 لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور کام ابھی جاری ہی ہے ۔