سرینگر// بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جموں،کشمیر اور لداخ میں 2020-21 میں10ویں،11ویں اور 12ویں جماعت( بائی انیول) میں پرائیوٹ طلاب کو کورونا صورتحال کے نتیجے میں60 فیصد سوالات ناموں کو ہی حل کرنے کی رعایت دی ہے۔ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمکس فاروق احمد پیر نے کہا کہ کورونا صورتحال کے نتیجے میں 10ویں،11ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ(پرائیوٹ) امتحانات میں شامل ہونے والے طلاب کو صرف60 فیصد نمبرات کے سوالات ہی حل کرنے ہونگے اور انہیں نمبرات کا احاطہ کرنے کے وقت100فیصد تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوالناموں سے 60 فیصد سے کم نمبرات کے سوالات حل کرنے کو اسی تناسب کی شرح سے جمع کیا جائے گا۔ آرڈر میں طلاب کو مزید مطلع کیا گیا ہے کہ سوالنامہ تمام امتحانات کیلئے تشکیل دئیے گئے نصاب سے مرتب کیا جائے گا تاہم طلاب کو سوالناموں میں تمام سوالات کے برعکس صرف60فیصد کے نمبرات ہی حل کرنے ہونگے،اور40فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ فاروق احمد پیر کی جانب سے جاری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جو طلاب، بغیر پریکٹیکل مضامین میں شمولیت کرینگے ان سوالات ناموں میں100نمبرات ہونگے اور طلاب کو صرف60فیصد نمبرات کے ہی سوالات حل کرنے ہونگے،تاہم جن مضامین کے پریکٹیکل بھی ہونگے،ان کے تھیوری کے حصے میں رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فزیکس اور کمسٹری کے علاوہ بیالوجی ، میں پریکٹیکل کا 30فیصدحصہ،اور تھیوری کا70فیصد حصہ ہوگا۔