جموں//یوم مئی یعنی یکم مئی کے موقعہ پر محنت کشوں کاعالمی دن یومِ مئی منانے کے سلسلے مختلف مزدورتنظیموں کے علاوہ سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات وریلیوں کاانعقاد کیاگیا ۔ اس سلسلے میں تقریبات وریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزدوروں کے حقوق اورلیبرقوانین کے بارے میں تفصیلی خیالا ت کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے مزدورطبقہ کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیا۔
سی آئی ٹی یو
یوم مئی جوکہ بین الاقوامی یکجہتی اورمحنت کشوں کے اتحادواتفاق کی ایک علامت سمجھاجاتاہے ،کے سلسلے میں سی آئی ٹی یو کی ریاستی کمیٹی نے مختلف یونینوں اورایسوسی ایشنوں جن میں ریلوے لوڈنگ اینڈان لوڈنگ ورکرز یونین، انڈسٹریل اسٹیٹ ورکرزیونین،نرمان مزدوریونین،کوکاکولا ورکرزیونین، چناب ویلی ہائیڈرو پروجیکٹ ورکرز یونین، آشاورکرز یونین، ریڑھی پھڑی ورکرز یونین جموں شامل ہیں نے پریس کلب جموں کے باہر ایک بڑی ریلی کااہتمام کیا ۔اس دوران ورکروں نے اپنے ہاتھوں میں لال جھنڈے اورکتبے اُٹھارکھے تھے اوردُنیاکے محنت کشوں ایک ہوجائو ، کے نعرے بلندکررہے تھے۔ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری ریاست جموں وکشمیرسی آئی ٹی یونے کہاکہ محنت کشوں کوچاہیئے کہ وہ یوم مئی کے شہیدوں کی قربانیوں کوہمیشہ یادرکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ یوم مئی کی جدوجہد کاہی نتیجہ ہے کہ ورکروں کوصرف 8 گھنٹے کام کرنے اور16 گھنٹے اپنے نجی امورانجام دینے کی سہولت نصیب ہوئی ۔اوم پرکاش نے ریاست کے محنت کشوں سے کہاکہ وہ ٹریڈیونینوںکی وابستگی سے بالاترہوکر حکومت کی مزدورکش پالیسیوں کے خلاف ایک ہی پلیٹ فارم پریکجاہوجائیں۔
پردیش کانگریس کمیٹی
جموں // جموں کشمیر پردیش کانگرس کمیٹی کے صدر نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ملک کی تعمیرو ترقی اور اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہے اور کانگرس اس طبقہ کی فلاح و بہبوداور ان کے حقوق کو بھر پور تحافظ فراہن کرنے کے اپنے وعدے پر کار بند ہے۔پردیش کانگرس کمیٹی کے صدر مقام شہدی چوک جموں میں یوم مشقت کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگرس کمیٹی کے چیف نے کہا کہ کانگرس ہی واحد ایسی سیاسے جماعت ہے جو سماج کے سبھی طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ سے ہی محنت کشوں کے حقوق کو تحافظ فراہم کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یو پی اے سرکار نے اپنے دور اقتدار میں محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کئی قوانین کو معرض وجود میں لایا ۔انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ کانگریس نے جموں وکشمیرمیں اپنے دورِ اقتدار کے دوران محنت کشوں کے مفادات کے حق میں لیبرقوانین کوعملی صورت دی اوران لوگوں کے سبھی مطالبات کوپوراکیا۔انہوں نے پارٹی ورکروں اورعہدیداروں سے کہاکہ وہ مزدورطبقہ کے مفادات کوملحوظ نظررکھتے ہوئے ان کی فلاح وبہبود کے لئے کام کریں۔ اس تقریب کاانعقادجے اینڈکے آئی این ٹی یوسی کے صدرشوکمارشرماکی جانب سے کیاگیاتھا۔شرمانے اس موقعہ پرمحنت کشوں کودرپیش مسائل کواُجاگرکیا۔ سابق وزیر شام لال شرمانے اس موقعہ پرمحنت کشوں سے کہاکہ وہ مفادپرست عناصرسے ہوشیار رہیں جوکہ اپنے حقیر مفادات کی خاطراُن کااستحصال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔شرمانے انہیں یقین دلایاکہ کانگریس ان کے مفادات کوتحفظ فراہم کرنے اورانہیں خوش حال بنانے میں ہرممکن کوشش کرے گی۔ اس موقعہ پر ڈی سی سی صدرراجوپوری ،سائیں عبدالرشید ،نائب صدرآئی این ٹی یوسی اجے شرما ،رادھے شام، منشی رام ضلع صدرریاسی ، فیض اکبرچوہان ضلع صدرپونچھ ، محمداکرم ملک رام بن ، طاہرشال راجوری ،کلدیپ کمارکٹھوعہ،پرشوتم کمار ضلع صدرجموں، منگل داس اوردیگران موجودتھے۔
جموں کشمیررورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی
جموں // جموں کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے عالمی یوم مزدور کے موقعہ پر ایک پروگرام منعقد کیا ۔اس موقع پر ریاستی کابینہ کے سابقہ سپیکر اور سوسائٹی کے چیرمین مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔اس دوران متعدد لوگوں کی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقہ کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے سرکار کو ان کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات اٹھانے چاہیئے۔مزدور طبقہ کے ساتھ ہمدردی جتاتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ امیر لوگ ہمیشہ اس طبقہ کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے سماجی یکسانیت کو ٹھیس پہنچتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس طبقہ کے لوگوں سے ہمدردی سے پیش آکر انسانیت کا مظاہرہ کریں۔اس موقع پر سابقہ سپیکر کے علاوہ جن لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں سے بابو رام پال، کے ایل ابرول،ستپال شرما اورسنجے گپتا قابل ذکر ہے۔
آرمی پبلک سکول اکھنور
جموں//آرمی پبلک اسکول اکھنور کی طرف سے یوم مزدور منایا گیا۔اس موقع پر اسکول کے پرنسپل نے تدریسی عملہ کی سراہنا کی اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس دوران طلباء نے رنگارنگ پروگرام کا اہتمام بھی کیااور لگن اورتندہی سے کام کرنے والے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے افراد سے ہمددردی کااظہارکیا۔اسکول کے چیرمین برنگ گوتم سیگن نے اسکول کے عملہ کے ساتھ ہمدردی ظاہرکی اور مستقبل میں کامیابی کی خواہش کااظہارکیا۔