جموں //یوتھ آل انڈیا کشمیری سماج نے اپنی مانگوں کو لے کر ریلیف کمشنر دفتر کے سامنے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے مرکزی اور ریاستی حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر اعظم ریلیف اور باز آباد کاری پیکیج پوری طرح سے ناکام ثابت ہو ا ہے جبکہ کشمیر ی پنڈتوں کو اس سلسلہ میں آرہی مشکلات کو حل کر نے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھا یا جا رہاہے ۔مظاہرین نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاجرین پنڈتوں کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم ریلیف اور باز آباد کاری پیکیج پر نظر ثانی کرکے معقول طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ ان مہاجرین کو سہولیات دستیا ب ہوسکیں جبکہ اس کے علا وہ بے روز گار مہاجر پنڈت نوجوانوں کیلئے 3ہزار نوکریاں ،معززین کیلئے پنشن اورتعیناتیوں کیلئے ریلیف کمشنر اور ایس ایس بی سے اختیارات واپس لئے جایں ۔مظاہرین نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ مہاجرین کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔