یواین آئی
ممبئی/ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز کر سکتی ہے۔ شبھمن گل کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو سری لنکا میں دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ سیریز کا پہلا میچ 15 سے 19 اگست کے درمیان جنوبی سری لنکا کے تاریخی گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیسٹ میچ موجودہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
پہلا ٹیسٹ:
15 سے 19 اگست (مقام: گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم)
دوسرا ٹیسٹ:
23اگست سے آغاز (مقام: سنہالیز اسپورٹس کلب – کولمبو)
اگرچہ دوسرے ٹیسٹ کے مقام کا ابھی باقاعدہ اعلان نہیں ہوا ہے، تاہم مانا جا رہا ہے کہ یہ میچ سینٹرل کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا اور سری لنکا کرکٹ نے ابھی تک سرکاری طور پر اس شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ذرائع (کرک بز) کے مطابق ٹیسٹ میچوں کی یہ تاریخیں تقریباً طے ہیں۔دو ٹیسٹ میچوں کے علاوہ، ہندوستان سری لنکا کے خلاف تین ٹی-20 میچوں کی سیریز بھی کھیل سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوا جیت سائکیا نے حال ہی میں اس کا اشارہ دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ”سری لنکا کی جانب سے تین ٹی-20 میچوں کی درخواست کی گئی ہے اور ہم جلد ہی اس پروگرام کو حتمی شکل دیں گے۔لنکا پریمیئر لیگ کا اختتام 9 اگست کو ہونے جا رہا ہے، اس لیے شیڈول کے لحاظ سے ٹیسٹ سیریز کے فوراً بعد ٹی-20 میچوں کا انعقاد زیادہ مناسب دکھائی دے رہا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ اس وقت دورے کی تمام باریکیوں پر کام کر رہا ہے تاکہ ٹی-20 سیریز کو بھی اس میں شامل کیا جا سکے۔