عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں وکشمیرکی حکومت نے سپورٹس کوٹہ کے تحت223 کھلاڑیوں کو سرکاری ملازمتوں کیلئے منتخب کیا ہے اور تقرری کے احکامات باضابطہ طور پروزیراعلیٰ عمر عبداللہ منتخب کھلاڑیوں کو سونپیں گے۔ خوراک، شہری سپلائیز اور امور صارفین، ٹرانسپورٹ، یوتھ سروسز اور کھیلوں کے وزیر ستیش شرما نے سپورٹس کوٹہ کے تحت منتخب ہونے والے223 نمایاں کھلاڑیوں کو مبارکباد دی، اور اس کامیابی کو ان کے پورٹ کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میںستیش شرما نے عمر عبداللہ کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تقرری کے احکامات باضابطہ طور پر وزیر اعلیٰ منتخب کھلاڑیوں کو سونپیں گے۔وزیر کھیل نے کہا کہ 223 کھلاڑیوں کا انتخاب کھلاڑیوں کی حمایت اور کھیلوں کے ذریعے کیریئر کے بامعنی مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کے لئے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے پلیٹ فارمز سے جوڑنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کھیلوں کی عمدہ کارکردگی امتیازی اور قابل عمل پیشہ ورانہ کیریئر دونوں بن جائے۔ستیش شرما نے جموں و کشمیر کے طلبا اور نوجوان خواہشمندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کھیلوں کو محض تفریحی سرگرمی کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ کردار سازی، پیشہ ورانہ ترقی اور قوم کی تعمیر کے لیے ایک سنجیدہ راستے کے طور پر دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ منتخب کھلاڑیوں کی کامیابی سے یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر کے نوجوان ٹیلنٹ کو کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور مقابلے کی اعلیٰ سطحوں پر اپنی شناخت بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔وزیرستیش شرما نے کہاکہ ان 223 کھلاڑیوں کی کامیابی ہر نوجوان کھلاڑی کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بننا چاہیے جو چمکنے کے موقع کا انتظار کر رہے ہیں۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اسپورٹس کوٹہ کے تحت منتخب ہونے والے223 نمایاں کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی ہے۔ایکس پرایک پوسٹ میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے لکھاکہ اسپورٹس کوٹہ کے تحت سرکاری ملازمت میں تقرری کے لئے منتخب ہونے والے 223نمایاں کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔انہوںنے کہاکہ ان کی کامیابیوں، لگن اور محنت نے جموں و کشمیر اور قوم کو عزت بخشی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے مزیدکہاکہ میں تمام منتخب امیدواروں کے روشن مستقبل اور مسلسل کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔