یو این آئی
لندن/عالمی ٹینس کی تاریخ کی عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی سرینا ولیمز تقریباً چار سال کے طویل وقفے کے بعد آج منگل کے روز اپنے پہلے پیشہ ورانہ ٹینس میچ کے لیے کورٹ میں اتریں گی۔ کوئنز کلب لنڈن کے منتظمین نے میچز کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے اس سنسنی خیز واپسی کی تصدیق کر دی ہے ۔اس گراس کورٹ ٹورنامنٹ کو ومبلڈن کی تیاریوں کے لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ سرینا ولیمز کو اس ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے ویمنز ڈبلز مقابلے کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے ، جہاں وہ کینیڈا کی ابھرتی ہوئی نوجوان کھلاڑی وکٹوریہ مبوکو کے ساتھ جوڑی بنا کر تیسری سیڈڈ جوڑی ایرن روٹلف اور نکول میلیچار مارٹنیز کے خلاف میدان میں اتریں گی۔23 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل اپنے نام کرنے والی 44 سالہ امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے آخری بار 2022 کے یو ایس اوپن میں حصہ لیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ٹینس سے دوری اختیار کرنے کا اشارہ دیا تھا۔