عظمیٰ نیوز وسروس
نئی دہلی//ہندوستانی بحریہ کی مائن وارفیئر (سمندری بارودی سرنگوں کے خلاف کارروائی) صلاحیتوں کو جدید بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ ہندوستان کی معروف انجینئرنگ کمپنی لارسن اینڈ ٹوبرو نے فرانس کی بڑی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی ایکسیل کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ کیا ہے۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد ہندوستانی بحریہ کے مائن کاؤنٹر میژر ویسل پروجیکٹ کے لیے جدید ترین ’’اَن مینڈ مائن کاؤنٹر میژر سوٹ‘‘ فراہم کرنا ہے۔یہ نظام سمندر کے اندر بچھائی گئی خطرناک بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے اور انہیں محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر بغیر انسانی عملے کے کام کرتی ہے۔یہ شراکت داری صرف ٹیکنالوجی کی منتقلی تک محدود نہیں بلکہ ’’میک اِن انڈیا‘‘ اور دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی سمت میں بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ غیر ملکی ٹیکنالوجی اور مقامی مینوفیکچرنگ صلاحیت کے امتزاج سے مستقبل میں ہندوستان دفاعی پیداوار کا ایک بڑا مرکز بن سکتا ہے۔