سرنکوٹ// سرنکوٹ سے پندرہ کلو میٹر کی دوری پرواقع محلہ کاگاں کے لوگوں کا ایک وفد سابق ریاستی وزیر اور سینئرنائب صدر نیشنل کانفرنس سید مشتاق احمد بخاری سے ملاقی ہوا ۔وفدنے اس بات کی شکایت کی کہ محکمہ جنگلات کی طرف سے علاقے کے لوگوں کو بے دخل کیاجارہاہے ۔وفدکے ارکان نے بتایا کہ وہ محلہ کے سکونتی ہیں اور عرصہ دراز سے اسی محلہ میں مقیم ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ان کے پاس زمینیں بہت کم ہیں اورکچھ کے پاس صرف مکان ہی کی جگہ ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ کچھ لوگوں نے ذاتی مداخلت کر کے ان کے خلاف عدالت سے حکم امتناع لایاہے تاکہ ان کے مکانات گرائے جائیں اور ان کو بے دخل کیا جائے۔ان کاکہناتھاکہ محلہ میں بسنے والے ایک ہی قبیلے کو ہدف بنایاجارہاہے اوران کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر حکومت ان کو معمولی سے زمین سے بھی بے دخل کردیتی ہے تو پھر وہ کہاںجائیںگے ۔ وفد کی شکایات سننے کے بعد مشتاق بخاری نے یقین دہانی کروائی کہ اس مسئلے کووہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائیںگے ۔بخاری نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران کو موقعہ پر جاکر جائزہ لیناچاہئے اور بلاوجہ لوگوںکو تنگ طلب نہ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی اور اگر ایسا کیاگیاتو وہ احتجاج کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ کے خلاف کارروائی ہرگز قبول نہیں اور اگر جنگلات کی اراضی خالی کروانی ہے تو پھر سبھی کو بے دخل کیاجائے۔