کشتواڑ//ضلع صدر مقام سے محض کچھ کلومیڑ کی دوری پر واقع گوڑین سے ناگنی سڑک کی خستہ حالی سے لوگ پریشان ہیں کیونکہ اس سڑک پر سے پیدل چلنا و گاڑیوں میں سفر کرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔اس سڑک کی حالت اس قدر خستہ حال ہے کہ ناگنی کے مقامی لوگوں کا اس سڑک پر گزرنا دشوار ہوگیاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب بھی بارش ہوتی ہے تو اس سڑک پر سفر کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بن جاتا ہے جبکہ دھوپ میں بھی گندا پانی ہر وقت جمع رہتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر یہ حال سب ڈویژن کشتواڑ کے اندر ہے تو دوردراز علاقہ جات کا کیا حال ہوگا۔ علاقہ کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں محکمہ آر اینڈ بی نے اس پر میکڈم ڈالا تھا جسکے کے بعد اسکی طرف کوئی توجہ نہ دی گئی اور اب اس سڑک پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں جس کی وجہ سے انھیں کافی دشواریاں آرہی ہیں۔مقامی نوجوان مدثر حسین نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گوڑین کے قریب سڑک کی حالت کافی ابترہے اور یہاں بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں جن میں گنداپانی جمع رہتاہے، اگرچہ سڑک کے ساتھ ڈرین بنی ہیں لیکن کئی مقامات پر ٹوٹی نالیوں سے پانی بہتا رہا ہے جو سڑک پر پھیل جاتا ہے جس سے کیچڑ جمع ہوجاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی لوگ جہاں مکانات کی تعمیر کرہے ہیں اور وہ گھروں سے مٹی نکال کر ان گڑھوں میں بھردیتے ہیں جبکہ انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے وہیں ڈرینوں سے گندا پانی نکل کر سڑک میں جمع ہوجاتا ہے جبکہ محکمہ کے افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی کا معاملہ کئی مرتبہ ضلع ترقیاتی کمشنر و متعلقہ محکمہ کے افسران اور مقامی سرپنچ کی نوٹس میں لایالیکن باوجود اسکے انتظامیہ ومتعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی کہ فوری طور اس سڑک کی طرف توجہ دی جائے اور جلد از جلد سڑک کی مرمت کا کام کیا جائے بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے۔