سر ینگر //سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیو جی کا552 واں جنم دن وادی میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیااورسرینگر سمیت وادی بھرکے گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔سی این ایس کے مطابق وادی میں مقیم سکھ برادری نے یہ تہوارجوش و خروش کے ساتھ منا یا۔ شہر سرینگر اور وادی کے دوسرے قصبوں میں قائم گردواروں، فوج اور فورسز کیمپوں میں خصوصی پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہر سرینگر میں قائم گردواروں کو کئی روز قبل سجایا گیا تھا اور اس موقعہ پر وادی کے مختلف علاقوں بالخصوص سرینگر شہر میں قائم گردواروں میں پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کا اہتما م کیا گیا۔سرینگر میں سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی باغ گردوارہ رعناواری میں منعقد ہوئی جہاں سکھ برداری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد ماتھا ٹیکنے کیلئے آئی اور خصوصی لنگروں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ ادھر لالچوک اور جواہر نگر میں قائم گردواروں میں خاص گہما گہمی اور چہل پہل تھی جس کے دوران سینکڑوں عقیدت مندوں نے وہاں حاضری دیکر پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کی تقریبات میں حصہ لیا۔ بارہمولہ ، ترال ، ملگال، پٹن، بڈگام، ہندوارہ، کپواڑہ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں مقیم سکھ برادری نے یہ تہوار منایا۔ ادھر جموں کے مختلف علاقوں میں بھی کافی رونق اور چہل پہل تھی جس کے دوران شہر میں قائم تمام گردواروں کو بھی سجا یا گیا تھا۔ اس موقعہ پر گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیاکہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ادھرسکھ فورم چندری گام ترال کے صدر سنجیت سنگھ نے گرو نانک دیو جی کے 552 ویں یوم پیدائش پر لوگوں خاص کر سکھ طبقہ کو مبارکباد دی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں سنجیویت سنگھ نے کہا کہ اگر لوگ گرو نانک جی کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں تو امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرونانک جی کے لیے کشمیر ایک خاص مقام رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورونانک جی نے انسانیت ، عدم تشدد بھائی چارہ فرقہ دارانہ میل ملاپ کی تعلیم دی ہے۔اس دوران پی ڈی پی لیڈر اور حلقہ انتخاب حبہ کدل انچارج عارف لائیگرو نے گرو نانک جینتی پر سکھ فرقہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ گرو نانک دیو جی نے ہمیشہ امن، اچھائی، یکسانیت اور بھائی چارے پر زور دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گرونانک جی ایک عظیم شخصیت ہیں جنہوںنے اپنے شاگردوں کو سادہ زندگی گزارنے اورسماج کے کمزور و مفلوک الحال طبقوں کی مدد کرنے کی تلقین کی۔ لائیگرو نے کہا کہ گرو نانک دیو جی نے مختلف طبقوں کے مابین ہمدردی و محبت کا پیغام پھیلایا اور سماجی نابرابری اور امتیاز کے خلاف کھڑے رہے۔انہوںنے کہاکہ552برس گزرنے کے باوجود گرونانک کاپیغام لوگوں کو متاثر کررہاہے اور ان کے عقیدت مند ان کی تعلیمات پر عمل کررہے ہیں۔