جموں //گورو نانک کے 549ویں پرکاش پرب کے موقعہ پر گردوراہ پربندک کمیٹی نے ’کیرتن دربار کا اہتمام کیا ۔اس سلسلہ میںگردوراہ بابا چندا سنگھ جی میں منعقدہ اس تقریب میں سکھ عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔عقیدت مندوں نے پروگرام میں شرکت کے دوران گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کیرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ اس موقعہ پر مقررین نے گورونانک دیو جی کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے گردوارہ پربندک کمیٹی جموں کے صدر سکھ بیر سنگھ نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گردوارہ چاند نگر جموں کے اردگر والی دکانوں کو کسی دوسری جگہ پر منتقل کر کے اس کو سیاحتی نقشے پر لانے کےلئے اقدامات کئے جائیں جبکہ اسی طرح ضلع ادہم پورکی تحصیل رام گڑھ میں گردوارہ چرن کمل آستھان کی تعمیر کےلئے زمین دی جائے ۔اسی طرح کنجوانی چوک کا نام تبدیل کر کے بابا بندہ سنگھ بہادر چوک رکھنے کے علا وہ جنرل بکرم سنگھ کی یاد میں کالا کیندر جموں کے نزدیک سکھ طبقہ کے جگہ دی جائے ۔اس کے علا وہ انہوں نے سکولوں میں پنجاب کے اساتذہ تعینات کرنے اور ریاست میں سکھ طبقہ کو اقلیتی طبقہ کا درجہ دینے کی بھی مانگ کی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سی بی ایس سی اور جموںو کشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیش کی جانب سے نصاب میں شامل کئے جانے والی سکھ تاریخ کو دھرم برچار کمیٹی سے منظوری ملنے کے بعد شائع کیا جائے ۔