گاندربل//گاندربل پولیس نے سندھ فارسٹ ڈویژن کے تعاون سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ مہم کا آغاز ایس ایس پی خلیل احمد پوسوال نے کیا ۔ اس کے علاوہ اے ایس پی گاندربل ، ڈی ایف او سندھ ڈویژن گاندربل ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹرگاندربل ، ضلع کے دیگر افسران وعہدیداروں نے بھی مہم میں حصہ لیا۔ایس ایس پی نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ماحولیاتی ترقی کے حصے کے طور پر اپنے اداروں میں ہریالی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہر حال میں لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے لوگوں کو رواں ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی درخواست کی کیونکہ مختلف نوعیت کے درختوں کے پودے لگانے کا بہترین وقت ہے۔اس دوران علاقہ پھاک کے چھترہامہ،کھمبر اوردارا ہارون کے بالائی علاقوں میں سینکڑوں پودے لگاکر شجرکاری مہم شروع کا آغاز کیا گیا۔پھاک ڈیولپمنٹ فورم،پھاک سٹیزن ویلفیئر فورم، مقامی مساجد کے ائمہ کی مشترکہ کوششوں سے متعدد علاقوں میں شجرکاری مہم کی شروعات کرتے ہوئے سینکڑوں پودے لگائے گئے۔ ایس ایچ او ہارون محمد ایوب راتھر نے پودے لگاکر شجر کاری مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا "ہر کوئی فرد بشر درختوں کی بے لگام کٹائی اور بڑھتی ہوئی آلودگی سے پریشان ہے،جس نے ہمارے پر سکون ماحول کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے‘‘۔اس موقع پر سماجی کارکنان ڈاکٹر جی ایم راتھر اور پیر بلال نے پودے لگاتے ہوئے ائمہ کرام اور شجرکاری مہم میں شامل ممبران کا شکریہ ادا کیا۔