راجا ارشاد احمد
گاندربل //گاندربل مضافات میں واقع چونٹھ ولی وار میں جمعرات کی صبح تین بچوں کی ماں کی لاش پراسرار حالت میں گھر میں لٹکتی ہوئی پائی گئی. پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر طبی اور قانونی لوازمات مکمل کئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چونٹھ ولی وار سے ملحقہ لارکی محلہ میں جمعرات کی صبح 35 سالہ خاتون سلیمہ زوجہ فیاض احمد مغل کی لاش پنکھے سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ اس موقع پر پولیس اسٹیشن لار کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی. واقعہ کی اطلاع جب متوفی کے میکے والوں کو ملی تو انہوں نے ضلع ہسپتال گاندربل پہنچ کر خاتون کے شوہر فیاض احمد مغل پر الزام عائد کیا کہ اس نے ہی سلیمہ کو قتل کیا ہے۔متوفی خاتون کے فرزند شاہد احمد مغل اور اس کے ماموں کی جانب سے اس کی موت کا ذمہ دار اس کے والد فیاض احمد مغل پر الزام لگایا کہ اس نے اسے ایسے حالات کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی اور پولیس پر زور دیا کہ وہ مکمل، منصفانہ اور بروقت تفتیش کرے مقامی لوگوں کے مطابق خاتون کے تین بچے ہیں بڑا بیٹا جو کہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے جس کے بعد دو لڑکیاں ہیں.پولیس نے کہا کہ خاتون کی موت کی اصل وجہ اور حالات کا تعین تفتیش اور طبی قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد ہی کیا جائے گا۔لاش میکے والوں جو کہ بانڈی پورہ کے رہائش پذیر ہیں کے سپرد کردی گئی جنہوں نے لاش اور بچوں کو اپنے ساتھ لیکربانڈی پورہ گئے ۔