کٹھوعہ//دُور افتادہ علاقوں میں عوامی رابطہ کاری مہم کو جاری رکھتے ہوئے گورنر کے مشیر کے۔ کے شرما نے آج کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقہ کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی منظرنامے کا جائیزہ لیا اور لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔مشیر نے وہاں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس دوران اس پہاڑی ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے بجلی، پانی، صحت، سیاحت، تعمیرات عامہ، تعلیم اور دیگر شعبوں سے وابستہ مسائل کو اُجاگر کیا۔سابق رکن اسمبلی جیون لال کی قیادت میں ایک وفد نے کئی مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دیگر وفود نے اپنے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو حل کرنے میں مشیر موصوف کی مداخلت طلب کی۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے ساتھ باہمی رابطہ بنائے رکھیں تا کہ کم سے کم وقت میں اُن کے مسائل حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی احکامات صادر کئے ہیں کہ ایک طرف ترقیاتی عمل کو تقویت بخشی جاسکے اور دوسرے طرف لوگوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔مشیر نے لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کریں تا کہ سکیموں کا استفادہ بنیادی سطح پر لوگوں تک پہنچے۔