عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکورٹی فورسز نے پیر کو مشتبہ ملی ٹینٹوں کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد ضلع کٹھوعہ کے راج باغ اور رام کوٹ کے کئی سرحدی علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی۔ حکام نے بتایاکہ آج صبح دو مسلح افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملی جن کے پاس بھاری بیگ بھی تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے پولیس نے اطلاع ملنے کے فورا ًبعد تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی، جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی، لیکن مشتبہ ملی ٹینٹوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔حکام نے بتایا کہ پچھلے سال مارچ میں، صوفین کے جنگل میں ایک مسلح تصادم میں چار پولیس اہلکار اور جیش محمد کے دو ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔ اس علاقے کو ملی ٹینٹ بین الاقوامی سرحد سے چھپنے کے بعد اندرونی علاقوں کی طرف جانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ مقامی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر دوپہر 12.15 بجے کے قریب کٹھوعہ کے رام کوٹ سیکٹر میں پنجتیرتھی، بھینی نالہ، بڑوٹا، اگلیدھر اور ملحقہ علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور فوج قریبی ضلع سانبہ کے سڈکو جنگلاتی علاقے میں دوسرے دن بھی تلاشی جاری رکھے ہوئے ہے، جسے اتوار کی صبح اندھیرے کی آڑ میں دو مشتبہ افراد کو منتقل ہوتے دیکھے جانے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔