مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے کوٹاں علاقہ سے بھمبر گلی جانے والی متبادل رابطہ سڑک کا 4.5کلو میٹر حصہ انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے مسافروں کےساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کےلئے مشکلات پیدا کررہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لگ بھگ 12کلو میٹر سڑک کا 8کلو میٹر حصہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے پاس تھا تاہم مذکورہ محکمہ کی جانب سے سڑک کو پر تار کول بچھا کر اس کو مکمل کرلیا گیا ہے تاہم دیگر 4.5کلو میٹر کے قریب حصہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت تعمیر ہوا تھا لیکن ابھی تک متعلقہ محکمہ کی جانب سے مذکورہ پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ حصے کی زمینی کٹائی کےساتھ ساتھ اس پر بجری بھی بچھائی گئی تھی لیکن اس کے بعد محکمہ پی ڈبلیو ڈی پوری طرح سے خاموش ہو گیا جس کی وجہ سے سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ کی ایک بڑی آبادی مذکورہ سڑک کا استعمال کررہی ہے ۔مقامی سرپنچ نیاز خان نے بتایا کہ سڑک کو مکمل کرنے کےلئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ان کی جانب سے ابھی تک کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ۔مقامی پنچایتی اراکین اور عام لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کانڈی علاقہ سے ہو کر جانے والی متبادل سڑک کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کےلئے آمد ورفت کے دوران آسانیاں پیدا ہو سکیں۔