جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں اِنتظامی کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کووِڈ متاثرین کیلئے خصوصی اِمدادی سکیم ( ایس اے ایس سی ایم /سکھشم) کے مالی اِمداد کی منظور ی دی گئی۔اِس سکیم کا مقصد اُن خاندانوں کی رہائش کو یقینی بنانا ہے، جنہوںنے اَپنا واحد کمانے والا فرد کھویا ہے۔نئی سکیم سکھشم کے تحت فوت شدہ کی شریک حیات اور متاثرہ خاندانوں میں سے ایک زندہ بچ جانے والے ممبر کو ایک ہزار روپے کی خصوصی ماہانہ پنشن ملے گی۔ یہ ایک ہزار روپے کی رقم براہِ راستہ بینک ٹرانسفر ( ڈی بی ٹی ) کی جائے گی بشرطیکہ وہ دوسری پنشن سکیموںسے مستثنیٰ ہو۔ مزید برآں یہ سکیم ان بچوں کو خصوصی سکالر شپ بھی فراہم کرے گی جو اَپنے کمائے ہوئے والدین / بہن بھائیوں / سرپرستوں کو کووِڈ سے کھودیتے ہیں ۔ خصوصی سکالر شپ سالانہ بالترتیب0 20,00 روپے اور 40,000 روپے کی رقم کے حساب سے 12 ویںجماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بذریعہ ڈی بی ٹی دی جائے گی ۔اِنتظامی کونسل نے کووِڈ متاثرین کے اہل خانہ کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر میں ایک خصوصی سیل اور مختلف سرکاری سکیموں کے تحت فوائد میں توسیع کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے بھی خصوصی سیل بنانے کی منظوری دی ۔ انتظامی کونسل نے ہائی کورٹ کیلئے 19 اسامیوں کی منظوری دی۔ اسسٹنٹ رجسٹرار کی 3 ، اسسٹنٹ رجسٹرار II کی دو اسامیاں ، سیکشن آفیسر کی 4 اسامیاں ، ڈی ای او کی 4 اسامیاں اور کمپیوٹر اوپریٹر کی 6 اسامیاں بنانے کی منظوری دی گئی ۔ انتظامی کونسل نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی 220/132 کے وی میر بازار گرڈ سٹیشن کی گنجائش 320 ایم وی اے سے 475 ایم وی اے کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی جس پر 29.92 کروڑوپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ گرڈ سٹیشن کے مکمل ہونے پر بجلی کی فراہمی کئی گنا بہتر ہو گی ۔میر بازار گرڈ سٹیشن اس وقت جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، کولگام ، شوپیاں اور پلوامہ کے 4 اضلاع کو بجلی فراہم کر رہا ہے ۔ ادھر کووڈ 19 وبائی مرض سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے ایک اور اقدام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او ) کے 500 بستروں پر مشتمل کووڈ ہسپتال کا افتتاح کیا اور اس سہولت کو جموں کے عوام کے نام وقف کیا ۔ بھگوتی نگر میں قائم اس 500 بستروں والے ہسپتال میں 125 انٹیسو کئیر یونٹ ( آئی سی یو ) بیڈ ہوں گے جبکہ دیگر بیڈ 24 گھنٹے آکسیجن والے کووڈ بستروں پر مشتمل ہے ۔ ہسپتال وینٹی لیٹرز ، مانیٹرس سے آراستہ ہو گا جس میں فارمیسی ، تشخیصی سہولت ، ایکس رے اور سی ٹی سکین کی سہولت بھی دستیاب ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈی آر ڈی او ہسپتال موثر طریقہ کار کے ساتھ کووڈ وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں حکومت کی کوششوں میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ ہسپتال بھی تین چار دن میں مکمل طور اوپریشنل ہو جائے گا ۔