کولگام+سرینگر// دمحال ہانجی پورہ کولگام میں مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2کانسٹیبل زخمی ہوا۔ادھر متھن چھانہ پورہ میں جمعہ کی شب تلاشی کارروائی کے دوران جنگجو فرار ہوئے جبکہ نٹی پورہ جھڑپ کے دوران تلسی باغ سرکاری کوارٹروں میں موجود ایک گاڑیوں اور ایک ڈاکٹر کے فلیٹ کو آورہ گولیاں لگیں۔
کولگام
پولیس کے مطابق شام پانچ بجے کے قریب نصر پورہ منز گام دمحال ہانجی پورہ ( کولگام) میں پولیس کی ایک ناکہ پارٹی کو نشانہ بنانے کی غرض سے جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ کی۔اس موقعہ پر پولیس نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا جس کے دوران دو پولیس کانسٹیبل زخمی ہوئے جبکہ جنگجو فرار ہوئے۔پولیس نے مزید کہا کہ جنگجوئوں کی فائرنگ سے عمران ملک اورظہورر احمد تانترے نامی 2پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر پہلے ڈی ایچ پورہ اور بعد میں ضلع اسپتال کولگام منتقل کردیا گیا۔ایک اہلکار کی ٹانگ اور ایک کی بازو میں گولیاں پیوست ہوئی ہیں۔دونوں اہلکاروں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد موقعہ پر پہنچ گئی اور انہوں نے حملہ آور جنگجوئوں کی تلاش کیلئے کئی دیہات میں تلاشیاں لیں۔
سرینگر
سرینگر کے نواحی علاقے چھانہ پورہ کے متھن علاقے میںجنگجوئوںکی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی رات محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔لیکن جونہی علاقے میںتلاشی آپریشن شروع کیا گیا تو وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔طرفین میں فائرنگ کا معمولی تبادلہ ہوا۔ کچھ منٹوںکی گولی باری کے ساتھ ہی خاموشی چھا گئی جس کے بعد تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم ابتدائی فائرنگ میںہی جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے تھے۔پولیس نے جھڑپ کے بارے میں اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اطلاع دی تھی اور صبح کے وقت یہ جانکاری بھی دی گئی کہ متھن علاقے میں جنگجو فرار ہوگئے۔متھن چھانہ پورہ میں تلاشی آپریشن ، نٹی پورہ انکوانٹر کے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں ترنج شوپیان کا ایک جنگجو عاقب احمد جاں بحق ہوا جو ایک سال سے سرگرم تھا۔پولیس نے بتایا تھا کہ اسکا ساتھی غالباً فرار ہوا ہے۔دریں اثناء سنیچر کی صبح سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی کہ تلسی باغ میں ایک ڈاکٹر کے گھر پر فائر کیا گیا۔لیکن بعد میں پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نٹی پورہ تصادم آرائی کے دوران کچھ آورہ گولیاں(Bullet Stray)تلسی باغ کوارٹرس میں مقیم ایک کمشنر سیکریٹری کی گاڑی اور ایک ڈاکٹر کی رہائشگاہوں کو لگی ۔ کمشنر سیکرٹری کی گاڑی زیر نمبر JK02CH-0144کو گولی لگنے سے نقصان پہنچا جبکہ ایک ای این ٹی ڈاکٹر کی رہائش گاہ کو بھی گولی لگی تھی ۔ گولیاں لگنے کے نتیجے میں گاڑی اور کوارٹر کی کھڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔کپواڑہ سلکوٹ سڑک پر سنیچر کو اس وقت ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی جب سڑک کے بیچوں بیچ کوئی مشکوک چیز پائی گئی ۔ گشت کے دوران فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی نے مشکوک چیز دیکھتے ہی گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی اور فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کر لیا ۔ تاہم بعد میں کوئی بارود مواد بر آمد نہیں کیا جاسکا۔