رات کا کرفیو بدستور نافذالعمل، تعلیمی ادارے 31جولائی تک بند رہیں گے
سرینگر//جموں وکشمیر حکومت نے اتوار کو کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں متواتر کمی کے پیش نظر16اضلاع میں ہفتہ وار بندشیں ہٹا نے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ تعلیمی ادارے بدستور31 جولائی تک بند رہیں گے۔آفات سماویٰ امداد ، بحالی اور تعمیر نو کی سٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ 16 اضلاع میں ہفتے کے آخر میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہوگاتاہم ان اضلاع میں رات کا کرفیو شام 8 بجے سے صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔ نرمیاں آج یعنی پیر سے نافذ العمل ہوں گی۔ان 16 اضلاع میں اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ ، کولگام اور شوپیان کے علاوہ جموں ، کٹھوعہ ، سانبہ، پونچھ ، راجوری ، کشتواڑ ، رام بن اور اودھمپور شامل ہیں۔ چیف سکریٹری (چیئرپرسن ، ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی) ارون کمار مہتا کے حکم نامے کے مطابق’’ریستوران اور مئے خانے صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک کھانے کی غرض سے کل نشستوں کے برعکس نصف نشستوں کے ساتھ صرف ان خریداروں کیلئے ، کھلے رہیں گے ،جنہوں نے ٹیکے لگائے ہوئے ہیں یا 48 گھنٹوں پہلے کی منفی آرٹی پی سی آر یا ’ریٹ‘رپورٹ آئی ہو ‘‘۔حکم نامہ کے مطابق تمام آؤٹ ڈور(بیرونی) دکانیں) صرف صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک تمام دن کھولنے کی اجازت ہے۔ آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ دکاندار انجمنوں کو کویڈمناسب طرز عمل کی سخت تعمیل کو یقینی بنانے میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے’’انڈور شاپنگ کمپلیکس ، مالز کی تمام دکانیں صرف صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کھولی جاسکتی ہیں،اور صرف ان صارفین کیلئے، جو ٹیکے لگائے ہوئے ہیں یا آر ٹی پی سی آر یا ’ریٹ‘ کی منفی رپورٹ ہو ،جو 48 گھنٹے قبل ہو اور دکان کے مالکان ،منیجرز،عملہ کو اس پر تعمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔ حکم نامہ کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ اس اقدام کو سختی سے نافذ کریں گے‘‘۔حکم نامہ کے مطابق اندرونی کھیل کود کے کمپلیکس اور جم کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ٹیکے لگائے گئے افراد یا کوویڈ منفی رپورٹ والے افراد کے لئے اپنی مجموعی صلاحیت کا 50 فیصد کھولیں،تاہم ، سوئمنگ پولز بدستور بند رہیں گے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرینگر سمیت چار دیگر اضلاع میں ، ہفتے کے آخر میں جمعہ کی شام 8 بجے سے سوموار صبح 7 بجے تک کرفیو اور روزانہ رات 8 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو برقرار رہے گا۔ تمام بیرونی دکانوں اور بازاروں کو ہفتے میں پانچ دن کھولنے کی اجازت ہے (ہفتہ اور اتوار کے علاوہ ، انڈور شاپنگ کمپلیکس ، مالز میں 50 فیصد دکانیں روسٹر کے تابع کھولی جا سکتی ہیں جو متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے ذریعہ جاری کیے جائیں گے۔تمام اسکول ، کالج ، یونیورسٹیاں اور فنی تعلیم ، فروغ ہنر ادارے اور نجی تربیتی مراکز31جولائی تک بند رہیں گے‘‘۔اساتذہ سے صرف اپنے گھر سے آن لائن کلاس جاری رکھنے کو کہا گیا ہے تاہم ، اعلی تعلیمی اداروں کو تحقیقی کام کیلئے کم سے کم عملے کی جسمانی موجود گی کیلئے اجازت طلب کرنی ہوگی۔
تیسری مرتبہ جموں میں کوئی فوتیدگی نہیں
وادی میں ایک فوت،244متاثر
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے 99دنوں کے دوران جموں صوبے میں اتوار کو تیسری مرتبہ کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے جبکہ وادی میں ایک شخص فوت ہوگیا ہے۔ اس سے قبل جموں صوبے میں 28جون اور 9جولائی کو کورونا وائرس سے ہونے والے اموات کا سلسلہ تھم گیا تھا ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4357ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 60ہزار 742ٹیسٹ کئے گئے جن میں11سفر کرنے والوں سمیت مزید 224افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھکر 3لاکھ 18ہزار 693تک پہنچ گئی ہے۔ اتوار کو جموں و کشمیر میں مزید 224افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 74جموں جبکہ 150کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر میں وائرس سے متاثر ہونے والے150مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ بیرون ریاستوں اور مملک سے کشمیر آنے والوں میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 150افراد میںسرینگر میں53، بارہمولہ میں14، بڈگام میں10 ,پلوامہ میں23،کپوارہ میں8، اننت ناگ میں12، بانڈی پورہ میں13،گاندربل میں12،کولگام میں3اور شوپیان 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ97ہزار887ہوگئی ہے۔وادی میں مزید 1شخص وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔مرنے والا شخص جی ایم سی اننت ناگ میں چند دن قبل داخل ہوا جہاں وہ اتوار کو فوت ہوگیا ۔ کشمیر صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد2231بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں74افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن11بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ63فراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے74متاثرین میں جموں میں7، ادھمپور میں5، راجوری میں2، ڈوڈہ میں23، کشتواڑ میں6، پونچھ میں,6رام بن میں,2کٹھوعہ میں12،سانبہ میں0اور ریاسی5 کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں ۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد120806ہوگئی ہے۔جموں صوبے میںپچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے ۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے 99دنوں میں تیسری مرتبہ جموں صوبے میں اتوار کو اموات کا سلسلہ تھم گیا ۔ اس سے قبل جموں صوبے میں 28جون ،اور 9جولائی کو کوئی بھی موت نہیں ہوئی تھی۔ متوفین کی مجموعی تعداد2126بنی ہوئی ہے۔
صدر اسپتال میں کورونا کے صرف 30مریض زیر علاج
او پی ڈی سہولیات اور نہ جراحیاں بحال ہوسکیں
پرویز احمد
سرینگر //صدر اسپتال سرینگر میں زیر علاج کورونا متاثرین کی تعداد 300سے کم ہوکر صرف 30رہ گئی ہے لیکن ابتک اسپتال میں معمول کی جراحیاں اور اوپی ڈی شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ اسپتال آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ متواتر طور پر لاک ڈائون کی وجہ سے مالی مشکلات بڑھ جانے کے بائوجود بھی نجی اسپتالوں اور کلنکوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار طریقے سے کام کاج شروع کیا جارہا ہے۔ 750 بستروں پر مشتمل صدر اسپتال سرینگر میں زیر علاج 30کورونا متاثرین کو علاج و معالجہ فراہم کرنے کیلئے بند رکھا گیا ہے اور دوسری لہر کے پیش نظر اسپتال میں 300بستروں کو کورونا متاثرین کیلئے وقف کیا گیا ہے لیکن مریضوں کی تعداد میں کمی کے بائوجود بھی اسپتال میں معمول کی جراحیاں اور نہ او پی ڈی شروع کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسپتال کو مرحلہ وار طریقے سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر خان نے بتایا ’’ مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ پہلے مرحلہ میں چند شعبہ جات میں او پی ڈی شروع کیا جائے گا جبکہ کورونا متاثرین کیلئے ایک مخصوص حصہ کو وقف کیا جائے گا۔ ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ اسپتال کھولنے کے حوالے سے بھی جلد اعلان متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ او پی ڈی کے بعد جراحیوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔