سرینگر//اپنی پارٹی ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین نے قومی صحت مشن کے حالیہ آرڈر جس میں کووِڈ – 19بحران سے نپٹنے کے لئے بھرتی کئے گئے مختلف کنٹریکچول پیشہ وروں کو کام سے نکال دیا گیا ہے، پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں منتظرمحی الدین نے کہا ہے کہ اس طرح کے آمرانہ فیصلے عوامی مفادات خاص طور سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، جنہوں نے کووِڈ19مہلک وباء کے دوران ناقابل ِ فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بلا تاخیر ایسے من مانے فیصلوں کو منسوخ کرے تاکہ ِان لوگوں کی مشکلات کو جلد از جلد دور کیا جائے اور اُن کی عزت ووقار کے ساتھ روزی روٹی کمانے کی خواہش کو شعوری طور تسلیم کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ اِن نوجوانوں کی فلاح وبہبود حکومت کا فرض ہے ، خاص طور سے وہ جو باعزت طریقہ سے اپنے کنبوں کے لئے روزی روٹی کمانا چاہتے ہیں۔ منتظر محی الدین نے اُمیدظاہر کی ہے کہ انتظامیہ نوجوانوں کو انصاف فراہم کرے گی۔