پونچھ//جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویج راجوری پونچھ کی طرف سے سیکریٹری جے کے اے اے سی ایل راہول پانڈے (آئی اے ایس) کی نگرانی میں اور سپرنٹنڈنٹ جیل پونچھ کے تعاون سے تمدنی پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی رجنی سہگل،ایڈیشنل سیکرٹری کلچرر اکیڈمی، سنجیو رانا، کلچرر افسر علمدار عدم اور ڈسٹرکٹ جیل پونچھ کے سینکڑوں قیدی اور بیلٹ فورس کے ملازمین، ممتاز شہری قمر لطیف، ریاض ہمدانی موجود رہے۔ اس دوران پونچھ کے معروف گلوکار خورشید راتھر، سنجے شرما ہارمونیم پلیئر، پریم پرکاش کھجوریہ طبلہ بجانے والے، نذیر حسین لوک گلوکار ، شبنم اختر اور پارٹی ، صادق احمدڈھولک پلیئر نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے۔پروگرام کے دوران کشمیری ، پہاڑی اور گوجری گیت پیش کیے گئے۔ اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران ڈاکٹر علمدار آدم سپیشل آفیسر برائے ثقافتی سرگرمیاں راجوری پونچھ نے سپرناٹینڈنٹ ضلع جیل پونچھ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلوکاروں ، موسیقاروں اور فنکاروں کو پرفارمنس کی اجازت دی ۔ انہوں نے جیل کے قیدیوں سے بات چیت بھی کی اور مثبت عمل کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ قیدیوں سے اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص پیدائشی طور پر مجرمان نہیں ہوتا کچھ حالات ، وقت اور قسمت ہے جو ایک سادہ انسان کو جرائم کی طرف مائل کرتی ہے۔ لیکن ان سب کے باوجود جب خدا آپ کو معمول اور آزاد زندگی کا موقع فراہم کرے گا آپ کو معاشرے کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور اپنے مستقبل کے سفر کے لیے صحیح راستہ منتخب کرنا چاہیے۔ جیل کی سپرنٹنڈنٹ رجنی سہگل نے کلچرل اکیڈمی راجوری کے کام کو سراہا ، انہوں نے اس قسم کی سرگرمیوں کے انعقاد پر سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل اور ایڈیشنل سیکرٹری سنٹرل جے کے اے اے سی ایل کا بھی شکریہ ادا کیا۔