راجوری//راجوری کے نوجوانوں نے کشمیر میں قتل و غارت گری کے سلسلے پر روک لگانے کی مانگ کرتے ہوئے سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی کڑے الفاظ میں مذمت کی ہے۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد بڑی تعداد میں نوجوان تعظیم ڈار کی قیادت میں عید گاہ کے باہر جمع ہوئے اور انہوں نے وہاں سے گوجر منڈی کی طرف ریلی نکالی۔مظاہرین نے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ کشمیر میں فوجی و شہری ہلاکتیں ہورہی ہیں اور گزشتہ روز رائزنگ کشمیر کے مدیر کو قتل کردیاگیا۔انہوں نے کہاکہ جمعرات کا دن ریاست کی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔انہوں نے مینڈھر سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار کی ہلاکت کی بھی مذمت کی اوراسے بربریت قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوپاک حکومتیں بغیر کسی تاخیر کے مسائل کے حل کی خاطر بات چیت کاراستہ اختیار کریں تاکہ ہلاکتوں کا سلسلہ رک سکے۔