عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے جنگلات مسلسل گزشتہ کئی ہفتوں سے آگ کی لپیٹ میں ہیںجسکے سبب چاروں اطراف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے۔ مسلسل خشک سالی کے سبب ضلع کشتواڑکے بیشتر جنگلات میں آگ کی وارداتیں رونما ہورہی ہیں جسکے سبب ان علاقہ جات میں قدرتی وسائل کو بھی سنگین خطرہ لاحق ہورہاہے۔قصبہ کشتواڑکے گردونواح کے قریبی جنگلات میں بھی آگ لگی ہے جس سے ہر سودھواں ہی دھواں پھیلاہوا ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ آگ کی وارداتوں سے نہ صرف جنگلات کا قیمتی نقصان ہورہاہے بلکہ ماحول پر بھی اسکا گہرا اثر پڑرہاہے۔ جہاں سگدی بھاٹہ کے جنگلوں میں لگی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جسکے بعد مقامی لوگوں نے کڑی مشقت کرکے آگ کو گائوں کی طرف پھیلنے سے روکاوہیں ٹھکرائی و کنتواڑہ کے قریبی جنگلات میں بھی لگی آگ کے بعد ہرطرف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازمین کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسطرح کی خاموشی کے سبب جنگلات کو کافی نقصان ہورہاہے جس پر فوری توجہ دی جانی چاہئے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں جنگل مافیاسبزسونے کو جلاکر راکھ کررہاہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے اور آگ پر قابو پانے کیلے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ انھوں نے محکمہ کے ملازمین پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ انکی ملی بھگت سے ہی جنگل مافیا اس طرح کی حرکت کررہا ہے ۔اس دوران ڈاکٹروں نے بھی لوگوں سے ماکس لگانے کی اپیل کی ہے اور مریضوں سے ضروری کام پر ہی گھروں سےباہر نکلنے کی اپیل کی ہے تاکہ انھیں مزید سانس لینے میں مشکلات نہ ہو۔