کشتواڑ// ہر سال کی طرح امسال بھی ضلع کشتواڑ میں شاہ فریدالدین بغدادیؒ کے فرزند شاہ اسرارادین بغدادیؒ کا346 واں عرس پاک نہائت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ہر سال یہ عرس 25 کتھک مورخہ 10 نومبر کو منایا جاتا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند ملک کے کونے کونے سے تشریف لاتے ہیں اور یہاں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت فرماتے ہیں۔ گزشتہ دو سال سے کرونا وائرس کی وبائی بیماری کے سبب باہر سے لوگوں کی تعداد کم رہتی تھی اور صرف خطہ چناب کے و کشمیر کے کچھ ہی علاقوں سے لوگ شرکت کرتے تھے تاہم امسال زائرین کی بڑی تعداد،جن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔سب سے بڑی تقریب شاہ اسرارالدین بغدادیؒ کے آستان عالیہ پر انجام دی گئی جہاں نعت خوانی، درودازکار کی محفلوں کا اہتمام کیا گیا جس میں شاہ اسرارالدین ولیؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی گی اور لوگوں کو شاہ اسرارالدین ؒکے کرشمات سے واقف کرایا گیا۔ مقررین نے بتایا کہ شاہ اسرارلدین ولیؒ آپسی بھائی چارے کی مثال مانے جاتے تھے اور انکے کئی قصے مشہور ہیں، وہ محض 18 سال کی عمر میں ہی اس اعلیٰ مقام تک پہنچ چکے تھے جہاں تک پہنچے میں پوری زندگی گزرجاتی ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے انکے تبرکات کی زیارت کی۔مولانا غلام احمد سہروردی نے ان تبرکات کی نشاندہی کرائی جس دوران لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ نماز فجر سے درود ختمات کی مجلس منعقد ہوئی جسکے بعد نعت خوانی و تلاوت پاک کی گئی جو نماز فجر تک جاری رہی۔ نماز کے بعد درگاہ میں دوبارہ محفلیں شروع ہوئیں جو عصر تک جاری رہیں۔بعد نماز مغرب درودازکار کی مجلس منعقد ہوئی جو نماز عشا تک جاری رہی جس کے بعد لوگوں نے رات بھر شب خوانی میں گزاری اور یہ سلسلہ آج نماز فجر تک جاری رہا جبکہ نماز فجر کے بعد درودختمات کی مجلس کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوئی۔ شاہ فریدالدین بغدادیؒ کے آستان عالیہ پر بھی عقیدتمندوں نے حاضری دی۔ شاہ اسرارالدین کے آستان پر بھی درودختمات کی محفلیں منعقد ہوئیں جبکہ اوقاف اسلامیہ کی طرف سے عقیدتمندوں کیلئے کھانے پینے و قیام گاہ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا جبکہ اسکے علاوہ مقامی لوگوں کی طرف سے بھی کھانے پینے کا انتظام رکھا گیا تھا۔ضلع میں عرس کے موقع پر حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جگہ جگہ پولیس و پیراملٹری فورس کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔