جموں// کورونا وائرس کے حوالے سے بڑھتے خدشات کے بیچ جموں ضلع انتظامیہ نے اتوار کو لنگروں ،شراب خانوں،ریستورانوں ،مساج مراکز اور دیگر ایسی جگہوں کو بھی بندکرنے کا فیصلہ لیا ہے تاکہ ایک جگہ پر لوگوںکی بھیڑ بھاڑ کو روکا جاسکے۔تازہ ہدایات جموں میں دو مثبت معاملوں اور جی ایم سی و بھگوتی نگر میں کئی مشتبہ مریضوں کی مسلسل نگرانی کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی کوشش کے تحت ضلع مجسٹریٹ جموں،جو ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن بھی ہیں ،نے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے 31مارچ تک لنگروں،بھنڈاروں،ڈابوں ،شراب خانوں،ریستورانوں،فوڈ کورٹس ،فوڈ سٹالوں ،غذائی چھاپڑیوں کوبند کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔انہوںنے مساج مراکز،سپا اور دیگر ایسے مراکز کو بھی بند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی جموں ضلع کے حدود میں بند رہیں گے۔مذکورہ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے’’31مارچ2020تک کسی بھی عوام مقام پر کوئی ایسی سماجی ،مذہبی یا رسمی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیںہوگی جس میں4یا اس سے زیادہ لوگ جمع ہوجائیں‘‘۔انہوںنے پولیس سے کہا ہے کہ وہ ان احکامات کا سختی سے نفاذ یقینی بنائیں۔ایس ایس پی جموںسے کہاگیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریلوے سٹیشن،ائرپورٹ ،بس سٹینڈ کو چھوڑ کر وہ کہیں بھی چار یا اس سے زیادہ لوگوں کا گروپ نہ بنے۔اس کے علاوہ کانفرنسوں،تقاریب ،ریلیوں،دھرنا اور احتجاج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔حکم نامہ میں ٹرانسپورٹ کمشنر سے کہاگیا ہے کہ وہ ضلع میں چلنے والے پبلک اور پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کی جراثیم کش ادویات سے صفائی یقینی بنائیں اور اس ضمن میں ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو آگاہ کیاجائے۔کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن سے کہاگیاہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ٹیکسی و آٹوسٹینڈ،سبزی منڈیوں،ریلوے سٹیشنوںاو ر بازاروں کا رہنما ہدایات کے تحت جراثیم کش ادویات سے متواتر سپرے ہورہا ہے۔ائرپورٹ جموں کے حوالے سے ڈائریکٹر ائرپورٹ اور سی آئی ایس ایف کمانڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ائرپورٹ پر قائم سکریننگ ڈیسک کو مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ جہاز سے اترنے کے وقت سبھی مسافروںکی سکریننگ یقینی بنائی جاسکے جبکہ اس کے علاوہ ائرپورٹ حدود کے مسلسل سپرے کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ تعلیمی ادارے ،شاپنگ مال ،سنیما گھر ،جم خانے اور تفریحی کلب پہلے ہی ضلع میں بند کئے جاچکے ہیں۔تاہم گھریلوضروریات کی چیزیں خریدنے کیلئے عوامی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں عائد کی گئی ہے اور ہول سیلر،سبزی و میوہ منڈیاں کھلی رہیں گی۔حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ اگر کسی فرد کو ان احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا یا کسی نے کسی سرکار ی آفیسر یا ملازم کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔