جموں //کانگریس پارٹی نے ملکی وقار کو برقرار رکھنے اور جمہوریت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے لا محدود قربانیاں دی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار کانگریس کے سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے نو منتخب سرپنچوں اور پنچوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ملک میں جمہوریت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے پنچایتی نظام کر متعارف کروایا جس کے بعد ملک کے ہر ایک ضلع میں حکومتی طرز کا ایک معقول نظام قائم کیا گیا تا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔کانگریس لیڈر نے مزیدکہاکہ پارٹی نے عوام کو بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کو شش کی ۔پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے اقتدار کی خاطر اپنے انتخابی منشور کو ہی نظر انداز کیا جبکہ عوامی مسائل کی جانب توجہ نہ دینے کے علا وہ دونوں سیاسی پارٹیوں نے ریاست میں جمہوری نظام کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ۔بھلہ نے کہاکہ 2011کے پنچایتی انتخابات میں 90فیصد عوام نے شرکت کی تھی لیکن اس بار سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے انتخابات کی مجموعی شرح کم رہی ہے ۔انہوں نے عوام اور نو منتخب سرپنچوں و پنچوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملکی میں امن و بھائی چارے کو قائم رکھنے کے علا وہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کانگریس کی حمایت کی جائے۔