محمد تسکین
بانہال // جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن کے قریب بدھ کی صبح پہاڑی سے گرنے والے ایک پتھر کی زد میں آکر ضلع رام بن کے سیری گاؤں کے سابق سرپنچ اور بلاک صدر نیشنل کانفرنس محمد اقبال تانترے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد اقبال تانترے اپنے گھر واقع سیری سے کسی مقامی شناسا شخص کو رام بن تک اپنی گاڑی میں چھوڑنے کیلئے جارہے تھے کہ رام بن کے ترشول موڑ کے قریب اچانک پہاڑی سے ایک بھاری پتھر لڑھک کر ان کی گاڑی کے فرنٹ شیشے سے ٹکرا گیا اور شیشے کو توڑ کر ان کے سر کو جا لگا۔ اس حادثے میں گاڑی میں سوار شخص کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ ایس ایچ او رام بن وکرم سنگھ پریہار کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکار موقع وارادت پر پہنچ گئے اور بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پتھر محمد اقبال تانترے کے سر پر لگا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور بچاؤ ٹیموں نے انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔حادثے کی خبر پھیلتے ہی پنچایت سیری گام اور ضلع رام بن کے دیگر علاقوں میں رنج و الم کی لہر دوڑ گئی۔