پونچھ//ڈیویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے پونچھ کادورہ کرکے ڈینگلہ میں چل رہے جموں یونیورسٹی کے سیٹلائٹ کیمپس کی تعمیر کے کاکام کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے اکیڈمک اور رہائشی بلاکوں اور گرلز ہوسٹل کی تعمیر کا معائنہ کیا اور ساتھ ہی کیمپس کی اراضی کی تاربندی کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے کیمپس میں سیریکلچر سنٹر کے قیام کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ رہائشی اور اکیڈمک بلاکوں کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیاجائے اور تاربندی بھی کی جائے تاکہ کلاسوں کی شروع ہوسکے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاستی گورنر این این ووہرا نے اسی ہفتے کے اوائل میں پونچھ کا دورہ کیاتھا جس دوران انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلے کے تحت 1.36کروڑ روپے واگزار کرنے کا حکم جاری کیاتاکہ اس کیمپس کو قابل استعمال بنایاجاسکے۔دورے کے دوران ڈیویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو سے 84.54کروڑ روپے کے رنگ روڈ پروجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور شیر کشمیر پل سے بیتاڑ نالہ پل تک مجوزہ سڑک منصوبے کا معائنہ کیا۔انہیں اس بات سے آگاہ کیاگیاکہ یہ پروجیکٹ دو مراحل پر مشتمل ہے جس میں سے 3.5کلو میٹر سڑک پر 40.39کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ بیتاڑ نالہ پر پل کی تعمیر 44.15کروڑ روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں زمین کی حصولی اور معاوضہ کی ادائیگی کے عمل کو مکمل کریں۔اس دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے تحت سڑک کی تعمیر کاکام شروع کیاجائے گا۔اس موقعہ پر انہوں نے دیگر کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کاجائزہ بھی لیا اور اس بات کی ہدایت دی کہ بس اڈہ پونچھ کو جلد سے جلد قابل استعمال بنایاجائے۔بعد ازآں ڈیویژنل کمشنر نے فروٹ پلانٹ نرسری پونچھ کا دورہ کرکے وہاں کی جارہی پیداوار کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس نرسری میں سولر پینل کی تنصیب کی ہدایت دیتے ہوئے چیف ہارٹیکلچر افسر سے کہاکہ وہ کسانوں کی بہبود کیلئے اقدامات کرتے ہوئے اعلیٰ معیارکے گرین ہائوس کی پیداوار کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں پیکانیٹ کی پیداوار کی بہت زیادہ گنجائش ہے اس لئے امکانات کاجائزہ لیکر اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں۔ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو،اے سی آر بی اے لون،ڈائریکٹر یونیورسٹی کیمپس پونچھ پروفیسر ایم اے ملک،ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی اے ایس اندھی ،چیف ہارٹی کلچر افسرسشیل کماراور جموں یونیورسٹی کے ٹیکنکل ونگ کا عملہ بھی تھا۔