مینڈھر //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے مینڈھر بس اڈہ پر مسافر شیڈ تعمیر کرنے اور سب ضلع ہسپتال مینڈھر کی نئی عمارت کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے ہسپتال کی چاردیواری کرنے اور نالیوں کی مرمت و صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔موصوف نے ضلع پنچایت افسر سید مظاہرکاظمی و دیگر افسران کے ہمراہ مینڈھر قصبہ کادورہ کیا ۔اس دوران وہ سب ضلع ہسپتال گئے اور متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر بہت جلد کی جائے ۔انہوںنے چاردیواری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پارکنگ کا انتظام کیاجائے اور ساتھ ہی تیمارداروں کے آرام کی سہولت کا بندوبست کیاجائے ۔انہوںنے نالیوں کی مرمت کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس کام کو فوری طور پر شروع کیاجائے ۔بعد میں انہوںنے بس اڈہ کادورہ کیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ایک مسافر شیڈ بنایاجائے جہاں لوگ آرام کرسکیںگے ۔انہوںنے کہاکہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھاجائے جس کیلئے ایک گاڑی فراہم کی جائے گی جو گندگی ٹھکانے لگانے کے کام آئے گی ۔انہوںنے بس اڈہ پر تارکول بچھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ناجائز تجاوزات فوری طور پر ہٹائی جائیں ۔اس موقعہ پر بلاک میڈیکل افسر مینڈھر پرویز احمد خان ودیگر افسران بھی موجو دتھے ۔