پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے پونچھ قصبہ کا تفصیلی دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے انڈور سپورٹس اسٹیڈیم،کرشی وگیان کیندرا،ٹائون ہال،بارڈر بلاک لائبریری وغیرہ کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ اے سی آر پونچھ بی اے لون،ایگزیکٹو انجینئران محکمہ بجلی،محکمہ پی ایچ ای،محکمہ تعمیرات عامہ،ایگزیکٹو افسر میونسپلٹی ،کرشی وگیان کے سائنسدان اور دیگر افسران بھی تھے۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ انڈور سٹیڈیم کے کام میں تیزی لائی جائے اوراسے ایک ماہ کے اندر مکمل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ٹائون ہال کی نچلی منزل کی تعمیر کیلئے ڈی پی آر تیار کی جائے تاکہ میونسپل دفتر کوجلد سے جلد اس جگہ منتقل کیاجاسکے۔موصوف نے کرشی وگیان کیندراپونچھ کا دورہ کرکے وہاں ہورہی زرعی تحقیق کاجائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع بھر میں کسانوں کیلئے بیداری پروگرام منعقد کریں۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بارڈر لائبریری پونچھ کی عمارت کی تعمیر کیلئے ڈی پی آر تیار کریں۔موصوف نے زیر تعمیر سبزی منڈی ننگالی صاحب کاجائزہ بھی لیاجبکہ اس دوران انہوں نے کلائی پل کا جائزہ لیا اور کام کی تکمیل کیلئے دو ماہ کی مدت کا وقت دیا۔دورے کے دوران موصوف نے لوگوں کے کئی وفود سے بھی ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔دریں اثناانہوں نے قصبہ میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے اور ملٹی لیٹرل شاپنگ کمپلیکس قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا۔پونچھ سرنکوٹ شاہراہ کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے گریف کے او سی کومختلف مقامات پر تارکول بچھانے اورکلائی چشمہ کے نزدیک کلورٹ کی تعمیر کی ہدایت دی۔