تھنہ منڈی // ڈپٹی کمشنر راجوری نے تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ، راجدھانی، چھڑونگ اور سوڑہ بہروٹ میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے دربار منعقد کئے جس دوران کئی مسائل کو موقعہ پر ہی حل کیاگیا۔ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کا منگوٹہ اور راجدھانی پہنچنے پر جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ ایک کیمپ ہائی اسکول منگوٹہ میں منعقد ہوا جبکہ دوسرا راجدھانی کے مقام پر ہوا۔ منگوٹہ میں عوامی نمائندوں نے علاقے کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ منگوٹہ دو پنچایتوں پر مشتمل ہے جسکی آبادی دس ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ انہوں۔نے کہا کہ منگوٹہ کے محلوںمیں پانی اور بجلی فراہم کی جائے جن میں اسوقت تک بنیادی سہولیات فراہم نہ کی گئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے علاقہ میں سڑکوں کی تعمیر وتکمیل پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر منگوٹہ کی عمارت تعمیر کی جائے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پسماندہ علاقہ میں تعلیمی معیار کو ب بہتر بنایاجائے اورہائی اسکول منگوٹہ کا درجہ بڑھا کر ماڈل ہائر اسکنڈری بنا یا جائے۔ انہوںنے کہا کہ بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگ چھ ماہ کے لئے ڈھوکوں میں منتقل ہوجاتے ہیں جبکہ انکو بجلی کی فیس میں کوئی رعایت نہ دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس علاقے کو سڑکوں کے ذریعہ درہال اوردیرہ گلی کے ساتھ جوڑ کر سیاحت کے نقشے پر لایا جائے جس سے بیروزگاری میں کمی واقع ہوگی اورروزگار کے مواقع ملیںگے۔ راجدھانی کے مقام پر مقامی لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ راجدھانی میں صدیوں پرانہ ہائی اسکول ہے جسکا درجہ بڑھا کراسے ہائر اسکنڈری بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی کو جانے والی تمام سڑکوں کو فوری طور پر مکمل کے کر گاڑیو ں کی آمدو رفت کے قابل بنا یا جائے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی میں نریگا اور سوئوچھ بھارت مشن کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو اجرت واگزار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی دو پنچایتوں پر مشتمل ہے اوربہت بڑی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیاجارہا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع میں انکے ساتھ آفیسران کی ایک ٹیم ہے جو کام کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کئے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے نشاندہی کے بعد ہینڈپمپ نصب کئے جائیں گے۔ با با زکری شاہ ؒ کی زیارت پر کمیونٹی حال اور کمیونٹی بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے منگوٹہ میں ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کھولا جائے گا۔ انہوںنے راجدھانی کے عوامی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ان کے ہمراہ اے سی آر عبدالقیوم میر، پروجیکٹ آفیسر ڈاکٹر عبدالخبیر، اے سی ڈی راجوری اختر قاضی، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر نصیب احمد چوہدری،ایگزیکٹو انجینئران ،سب ڈیویژنل آفیسر محمد افضل مرزا،تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن، بلاک آفیسر اور بلاک میڈیکل آفیسران بھی تھے۔