ڈوڈہ //ضلع میں کھیل کود کو فروغ دینے و نوجوانوں کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع فراہم کرنے کی مہم کے تحت محکمہ یوتھ سروسز و سپورٹس نے بوائز ہائر سیکنڈری سکول ڈوڈہ میں یوٹی سطح کے والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں 15 اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔ 17 سال تک کی عمر کے بچوں کے لئے منعقد ٹورنامنٹ کا افتتاح اے ڈی سی کشوری لال شرما نے ضلع سپورٹس آفیسر جعفر حیدر شیخ، اے ڈی فیزیکل ایجوکیشن مول راج کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر بولتے ہوئے اے ڈی سی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے انتظامیہ متحرک ہے۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ ان ٹورنامنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ضلع سپورٹس آفیسر نے کہا کہ پندرہ اضلاع سے 180 کے قریب کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کررہے ہیں پہلا میچ سرینگر و ریاسی کی ٹیم کے درمیان ہوا جس میں سرینگر کی ٹیم نے جیت درج کی وہیں دوسرا میچ سانبہ و پلوامہ اضلاع کی ٹیموں کے درمیان ہوا جس میں سانبہ کی ٹیم نے برتری حاصل کی۔تیسرا میچ ادھمپور و راجوری کے درمیان کھیلا گیا جس میں راجوری نے اپنی مد مقابل ٹیم کو شکست دی۔چوتھے میچ میں کٹھوعہ نے بانڈی پورہ کی ٹیم کو شکست دی۔ پانچویں میچ میں پونچھ نے گاندربل کی ٹیم کو شکست دی۔ چھٹا میچ بڈگام و انتناگ کے درمیان ہوا جس میں بڈگام نے برتری حاصل کی۔ ساتواں و آخری میچ ڈوڈہ و کولگام کے درمیان کھیلا گیا جس میں ڈوڈہ کی ٹیم فاتح رہی۔