زرعی شعبے، بجلی، آبی سکیموں اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں پانچ روز تک مسلسل جاری رہنے والی موسلا دھار بارشوں کے بعد جمعہ کی دوپہر موسم کچھ دیر کے لیے صاف ہوا، تاہم ہفتہ کی صبح ضلع کے بالائی علاقوں میں دوبارہ ہلکی بارش شروع ہو گئی جبکہ دوپہر تک مطلع ابر آلود رہا۔بعد از دوپہر گندوہ بھلیسہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری، کاہرہ اور ضلع کے دیگر مضافاتی علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔مسلسل بارشوں کے باعث ضلع میں پہلے ہی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے، کھڑی فصلیں، سبزیاں، پھل اور پھلدار درخت متاثر ہوئے ہیں، جس سے کسانوں کو شدید مالی خسارے کا سامنا ہے۔بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں متعدد دیہی علاقوں کی پانی کی سپلائی سکیمیں متاثر ہوئی ہیں، کئی عارضی پل اور پیدل راستے بہہ گئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہونے سے کئی دیہات طویل عرصے تک اندھیرے میں رہے۔اس کے علاوہ سیلاب سے متعدد سرکاری و نجی تعمیرات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔