کشتواڑ پاڈر سڑک پسی کی زد میں آنے کے بعد آمدورفت کیلئے بند
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مسلسل پانچ روز تک جاری رہنے والی شدید بارشوں کے بعد بالآخر جمعہ کی بعد دوپہر موسم میں بہتری آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم شاہراہوں پر جزوی طور پر آمدورفت کی اجازت دینا شروع کر دی ہے۔ سنتھن۔ اننت ناگ شاہراہ پر ڈکسم کے مقام پر خراب موسم کے باعث گزشتہ کئی روز سے درماندہ تقریباً چالیس گاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ آگے سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔ یہ گاڑیاں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے میں پھنس گئی تھیں، تاہم موسم میں بہتری اور سڑک کی جزوی بحالی کے بعد متعلقہ حکام نے انہیں منزل کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی۔دوسری جانب کشتواڑ۔پاڈر سڑک پسی کی زد میں آنے کے باعث مکمل طور پر بند ہوگئی۔ پتھرنکی کے مقام کے پہاڑی کا بڑا حصہ گرایا جس سے پاڈر اور ملحقہ دور دراز علاقوں کا رابطہ ضلع ہیڈکوارٹر سے منقطع ہو گیا ہے۔ متعلقہ ایجنسیاں سڑک کی بحالی کے لیے مسلسل کام میں مصروف ہیں، تاہم پہاڑوں سے پتھروں کے گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کے باعث کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ وہیں کشتواڑ بٹوت قومی شاہرہ پر گاڑیوں کو ڈوڈہ تک چلنے کی اجازت دی گئی۔ انتظامیہ نے مچیل یاترا کو عارضی طور معطل کردیاہے جسکے بعد کسی بھی یاتری کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔