اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ کے جٹھیلی-محالہ رابطہ سڑک پر ہفتہ کی سہ پہر ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں دو خواتین جاں بحق جبکہ تین کمسن بچوں سمیت پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق محالہ-جٹھیلی ڈوڈہ سڑک پر شونش نالہ کے نزدیک ایک ٹیمپو (زیر نمبر JK06B-8096) اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ دو خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ گاڑی میں سوار دیگر پانچ افراد زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس، سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر مشترکہ بچاؤ کارروائی شروع کی۔امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا. ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے آشا دیوی (30) زوجہ اجے شرما اور میناکشی دیوی (29) زوجہ شیو کمار، دونوں ساکنان جٹھیلی، کو مردہ قرار دیا۔زخمیوں میں شیو کمار (35) ولد بھارت بھوشن، شیونیش (3) ولد شیو کمار، اجے شرما (33) ولد بھارت بھوشن، ترشن (2) ولد اجے شرما اور نصیب سنگھ (35) ولد راجندر سنگھ، ساکنان جٹھیلی شامل ہیں۔زخمی شیو کمار کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں جاری ہے۔پولیس نے حادثے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔اس دوران ہفتہ کی شام ڈوڈہ ضلع ضلع کی بھدرواہ بھالہ سڑک پر پیش آئے حادثہ میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام بھدرواہ بھالہ سڑک پر ایک الٹو گاڑی زیر نمبر JK02BE1344 پرانوں کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں شایان ٹاک ولد رائس ٹاک ساکنہ ڈوڈہ زخمی ہوا. اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔