راجوری //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین راجوری ایڈو کیٹ نسیم لیاقت نے گزشتہ دونوں مبینہ طورپر گاﺅ رکشکوں کے حملے میں قتل ہوئے اعجاز ڈار کے گھر جا کر تعزیت کی اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی ۔غور طلب ہے کہ کچھ دن قبل مذکورہ نوجوان کو راجوری کے مراد پور علاقہ میں کچھ سماج دشمن عناصر کی جانب سے کئے گئے ایک حملے میں قتل کر دیا گیا ہے تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے اہل خانہ کےساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے یقین دلایا کہ قاتلوں کی گرفتاری کے بعد جلد ہی ان کو انصاف ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ وہ اس مشکل کی گھڑی میں لواحقین کےساتھ ہیں جبکہ ان کی ہ رطرح کی مدد بھی کریں گے ۔غور طلب ہے کہ اس قتل کے سلسلہ میں پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 408/2021پولیس سٹیشن راجوری میں درج کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے علاقہ کے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے صبر و تحمل سے کام لیا او ر حالات کو خراب ہونے سے بچایا ہے ۔اس دوران سیول سوسائٹی راجوری کے ممبران جن میں تعظیم ڈار ،مولوی فاروق احمد ،شفقت میر ،متی میر،سجاد طارق و دیگران نے بھی اس دوران چیئر مین کے ہمراہ موجود تھے ۔