عظمیٰ نیوزسروس
بانڈی پورہ// جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس ارون پلی نے کل ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے علاوہ نئے کورٹ کمپلیکس کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔چیف جسٹس کی آمد پر پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بانڈی پورہ، خلیل احمد چودھری اور ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ، اندو کنول چِب نے ان کا استقبال کیا۔ چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ کورٹ بانڈی پورہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اس کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عدالتی افسران اور عملے سے بات چیت کی اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے موثر اور شفاف عدالتی عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایگزیکٹو ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔دورے کے دوران چیف جسٹس نے بار ایسوسی ایشن بانڈی پورہ کے اراکین سے بھی بات چیت کی اور انہیں حقیقی مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے لوگوں کو انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بنچ، بار اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔