محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی اہم اور مصروف ترین شاہراہ چنڈک تا منڈی سڑک ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ سڑک کی تعمیر و مرمت کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے جانے کے باوجود سڑک کی خستہ حالی برقرار رہنے پر مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں اس منصوبے سے متعلق مبینہ بےضابطگیوں، ناقص تعمیراتی کام اور سرکاری وسائل کے ضیاع کے الزامات عائد کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شہریوں کے مطابق چنڈک سے منڈی تک سڑک کی تعمیر اور مرمت کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے منظور کیے گئے تھے، تاہم زمینی صورتحال ان دعوؤں کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ سڑک کے کئی حصوں میں گہرے گڑھے، ٹوٹ پھوٹ اور ناقص پیچ ورک نے نہ صرف عوامی سفر کو دشوار بنا دیا ہے بلکہ حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
عوامی نمائندوں اور مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اگر منصوبے پر منظور شدہ فنڈز شفاف انداز میں استعمال کیے جاتے تو آج یہ سڑک بہتر حالت میں ہوتی۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تعمیراتی معیار پر مناسب توجہ نہیں دی گئی، جس کے نتیجے میں سڑک خستہ حال ہو گئی۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) اور متعلقہ ٹھیکیداروں کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کے استعمال کا مکمل حساب سامنے لایا جائے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کسی سطح پر بدعنوانی، لاپروائی یا ناقص کام کے شواہد ملتے ہیں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔شہریوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی موجودہ حالت کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس شاہراہ کی ازسرِ نو معیاری تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو مشکلات سے نجات مل سکے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چنڈک ۔ منڈی سڑک نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سیاحتی، تجارتی اور مذہبی سرگرمیوں کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے اس کی پائیدار اور معیاری تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا بنیادی مطالبہ کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر عوام کا اعتماد بحال رہ سکے۔