محتشم احتشام
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ اور دی پریم راوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے انسانی اقدار، باہمی احترام اور مؤثر عوامی خدمات کے فروغ کے مقصد سے پانچ روزہ پیس ایجوکیشن پروگرام کا باضابطہ آغاز کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں کیا گیا۔ 22 جون سے 27جون 2026 تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفیٰ ملک تھے، جنہوں نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے عوامی خدمت میں انسانی وقار اور اخلاقی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب انسان اپنی ذات کے وقار اور اہمیت کو سمجھ لیتا ہے تو وہ دوسروں کے وقار کا احترام کرنا بھی سیکھ جاتا ہے، اور یہی شعور ایک بہتر اور ہمدرد معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیس ایجوکیشن پروگرام کا بنیادی مقصد افراد کو اپنے اندر موجود امن، اطمینان اور مثبت سوچ سے جوڑنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں تعمیری کردار ادا کر سکیں۔پروگرام کی سہولت کار پونم شیراوت اور ڈاکٹر اویناش شرما نے شرکاء کو بتایا کہ یہ کورس وزارتِ تعلیم کے SWAYAM Plus پلیٹ فارم پر بھی دستیاب ہے اور کامیاب تکمیل پر دو تعلیمی کریڈٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پروگرام دس بنیادی موضوعات پر مشتمل ہے جن میں امن، قدردانی، اندرونی قوت، خود آگہی، وضاحتِ فکر، فہم و ادراک، انتخاب، وقار، امید اور اطمینان شامل ہیں۔پروگرام کے پہلے روز ’’امن‘‘ اور ’’قدردانی‘‘ کے موضوعات پر مبنی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں ویڈیو پریزنٹیشنز، تبادلۂ خیال اور فکری مشقوں کے ذریعے شرکاء کو انسانی رویوں اور مثبت طرزِ فکر کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا۔اس تربیتی پروگرام میں محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ زراعت، اعلیٰ تعلیم، پولیس، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ تعمیرات عامہ ،جل شکتی اور دیہی ترقی سمیت مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ تقریباً ایک سو افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔شرکاء نے اس پروگرام کو عصرِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف انتظامی امور میں بہتری لاتے ہیں بلکہ افسران اور عوام کے درمیان اعتماد، احترام اور بہتر روابط کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔