محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقان پر تاریخی کرشن چندر پارک کے باہر، اکھاڑہ مندر کے قریب ناخواں والی روڈ پر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل حکام کی جانب سے ریڑھی بانوں کو کاروبار کی اجازت دیے جانے کے بعد علاقے میں غیر معمولی رش اور بے ہنگم صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بڑی تعداد میں ریڑھی بان اس مقام پر جمع ہو چکے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم اس تمام صورتحال میں ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ بھی سامنے آیا ہے۔مذکورہ مقام پر موجود کئی درخت چمگادڑوں کی بڑی آبادی کا مسکن بن چکے ہیں، اور بیشتر ریڑھی بان انہی درختوں کے نیچے کھلے عام اشیائے خورد و نوش فروخت کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چمگادڑوں کی بیٹ اور دیگر فضلہ کھانے پینے کی اشیاء کو آلودہ کر سکتا ہے، جس سے مختلف متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔مقامی شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی صحت کو اس قدر خطرے میں ڈالنا کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ کسی بڑے طبی بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو ریڑھی بانوں کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے یا پھر سخت صفائی اور حفاظتی اصولوں کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔عوامی حلقوں کی جانب سے یہ بھی زور دیا جا رہا ہے کہ متعلقہ ادارے اس حساس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور عوام کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت بچا جا سکے۔